وزیر تعلیم رام داس سورین شدید زخمی، ایئر ایمبولینس سےبھیجےگئے دہلی

وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری سمیت متعدد لیڈران نے کیا اظہار تشویش 
الحیات نیوز سروس 
رانچی،  2 اگست: وزیر تعلیم رام داس سورین آج جمشید پور کے گھوڑا باندھا میں واقع اپنی رہائش گاہ کے باتھ روم میں پھسل کر گر گئے، جس کی وجہ سے ان کے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور اس لئے انہیں بہتر علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے دہلی کے اپولو اسپتال بھیجا گیا ہے۔مسٹر سورین کو اس سے پہلے آج جمشید پور کے ٹاٹا موٹرس اسپتال میں تشویشناک حالت میں داخل کرایا گیا تھا، لیکن ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں ایئرلفٹ کر کے بہتر علاج کے لیے دہلی کے اپولو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ ارجن منڈل نے کہا کہ غسل خانے میں گرنے سے ان کے سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں بہتر علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے اپولو اسپتال دہلی بھیجا گیا ہے۔ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ باتھ روم میں گرنے سے وزیر تعلیم کے سر پر چوٹ آئی ہے اور دماغ میں کلاٹ ہوگیا ہے۔ مسٹر سورین کی حالت تشویشناک ہے۔واضح رہے کہ رام داس سورین گردے کے مریض ہیں اور اس سے قبل  دہلی کے اپولو اسپتال میں ان کا  علاج چل رہا تھا۔سوناری ایئرپورٹ پر کئی رہنما اور کارکن موجود تھے۔ سابق مرکزی وزیر ارجن منڈا بھی ایرپورٹ پہنچے اور وزیر کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "رام داس سورین میرے پرانے دوست ہیں، ہم سب ان کی صحت کو لے کر پریشان ہیں۔ میں نے دہلی میں اپولو کے ڈائریکٹر انوپم سے بات کی ہے، وہ وہاں بہتر طریقے سے مکمل علاج کرائیں گے۔"وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے بھی سوشل میڈیا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، "رام داس سورین جی ہمارے سینئرلیڈر اور بڑے بھائی ہیں۔ ان کے دماغ میں خون کا لوتھڑا ہے، انہیں ایئر لفٹ کیا جا رہا ہے۔ میں مسلسل ڈاکٹروں سے رابطے میں ہوں، ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں۔"اس دوران ایچا گڑھ کی ایم ایل اے سبیتا مہتو، ایم ایل اے منگل کالندی، کنال سارنگی، جے ایم ایم لیڈر راجو گری، رمیش ہانسدا اور دیگر کئی کارکنان ایئرپورٹ پر موجود تھے اور وزیر کی بہتر صحت کے لیے دعا گو تھے۔فی الحال وزیر کی حالت پر اپولو ہسپتال سے سرکاری میڈیکل بلیٹن کا انتظار ہے۔ ریاست کے عوام اور سیاسی جماعتیں وزیر کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔