
مرحومین کو خراج عقیدت، اسپیکر نے گروجی کی بہتر صحت کے لیے نیک خواہشات کاکیااظہار
الحیات نیوز سروس
رانچی،یکم؍اگست: جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کا پانچ روزہ مانسون اجلاس آج جمعہ کو شروع ہوا۔ پہلے روز جاں بحق ہونے والی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر رویندر ناتھ مہتو نے کہا کہ مانسون سیشن کا اجلاس 4 اگست کو دوبارہ شروع ہوگا۔ اس دوران مالی سال 2025-26 کا پہلا ضمنی بجٹ پیش کیا جائے گا۔ کچھ بل بھی پیش کیے جائیں گے۔ جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کا مانسون اجلاس 7 اگست تک چلے گا۔؎جھارکھنڈ اسمبلی کے اسپیکر رویندر ناتھ مہتو نے سابق وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ شیبو سورین کی اچھی صحت کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں ان کی شراکت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ وہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے دہلی کے سر گنگارام اسپتال میں زیر علاج ہیں۔جھارکھنڈ اسمبلی کے اسپیکر ربندر ناتھ مہتو نے ہٹیا سے بی جے پی کے ایم ایل اے نوین جیسوال کی اپوزیشن کے چیف وہپ اور دھنباد کے ایم ایل اے راج سنہا اور بگودر کے ایم ایل اے ناگیندر مہتو کو وہپ کے طور پر تسلیم کیا۔ایوان کے ارکان نے آنجہانی سیاستدانوں، فنکاروں، سماجی کارکنوں، ادیبوں اور عام شہریوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ ان میں کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ تلک دھاری سنگھ، کیرالہ کے سابق وزیر اعلی وی ایس اچوتانندن،پوپ فرانسس، بالی ووڈ اداکار منوج کمار اور سینئرسائنسدان ڈاکٹر کے کستوریرنگن شامل تھے۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد اور احمد آباد طیارہ حادثہ میں 241 افراد کی موت پر بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔