
الحیات نیوز سروس
دھنباد، یکم اگست(سہیل قریشی) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ آج آئی آئی ٹی آئی ایس ایم دھنباد نے اختراعات اور اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا ہے۔آئی آئی ٹی آئی ایس ایم دھنباد کے کنووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج وقت کی ضرورت تحقیق اور ترقی اور اسٹارٹ اپس کو فروغ دینا ہے جس میں انسٹی ٹیوٹ قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کنووکیشن کے دوران 32 طلبہ وطالبات کو گولڈ میڈل سے نوازا۔صدر جمہوریہ نے ڈگری حاصل کرنے والے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی شروعات ہے۔ مستقبل میں انہیں ذاتی ترقی کی بجائے اجتماعی ترقی کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے، تب ہی ہمارا ترقی یافتہ ملک بننے کا ہدف سال 2047 تک حاصل ہوگا۔قبل ازیں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے بھی کنووکیشن کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں معاشیات میں لیڈر بننا ہے لیکن اپنی اقدار کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ واسودیو کٹمبکم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے طلباءسے کہا کہ وہ ہندوستانی فلسفہ زندگی کو اپنائیں۔ مستقبل میں ٹیکنالوجی کے خطرے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم گوگل چیٹ، جی پی ٹی، گروک جیسی ایپلی کیشنز کو اپنا گرو بنا رہے ہیں۔ یہ ڈسٹرکٹیوگرو ہیں جن سے ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش گنگوار نے کہا کہ صدر دروپدی مرمو کا جھارکھنڈ کے ساتھ گہرا رشتہ ہے کیونکہ وہ 6 سال سے زیادہ عرصے تک اس ریاست کی گورنر رہیں اور انہوں نے اس ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔