
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین ارکان اسمبلی کی کی اہم میٹنگ میں کی شرکت
الحیات نیوز سروس
رانچی،31؍جولائی:جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی کا مانسون اجلاس یکم اگست سے 7 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔ اس دوران ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ جھارکھنڈ اسمبلی میں اجلاس کے کامیاب اور ہموار انعقاد کے لیے ایک اہم میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔میٹنگ کی صدارت اسمبلی کے اسپیکر ربندر ناتھ مہتو نے کی، جس میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت مختلف قانون ساز پارٹیوں کے رہنماؤں اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کا بنیادی مقصد آئندہ اجلاس کے دوران اسمبلی کی کارروائی کو آسانی سے چلانا اور ایم ایل ایز کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنا تھا۔اجلاس میں مانسون اجلاس کے مجوزہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میں ریاست کے عوام سے جڑے اہم مسائل، ترقیاتی منصوبوں، بجٹ کے انتظامات، امن و امان اور دیگر پالیسی فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ حکومت شفافیت اور ترقی کو ترجیح دے کر عوام کے مفاد میں کام کر رہی ہے۔اسمبلی اسپیکر ربندر ناتھ مہتو نے تمام جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ایوان کے وقار کو برقرار رکھیں اور تعمیری بحث کے ذریعے عوام کے مسائل کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیشن ریاست کے لئے اہم ہے کیونکہ اس میں کئی اہم بل اور پالیسیاں منظور ہونے کا امکان ہے۔اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ایوان کی کارروائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے اور اپوزیشن اور حکمراں جماعت کو مل کر ریاست کے مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔ مختلف جماعتوں کے قائدین نے بھی اس سمت میں تعاون کا یقین دلایا۔اس بار مانسون سیشن میں کئی اہم مسائل پر بات ہونے کا امکان ہے جن میں بے روزگاری، کسانوں کے مسائل، تعلیم اور صحت خدمات میں بہتری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے لائے گئے کچھ نئے بلوں پر بھی ایوان میں بحث ہوگی۔میٹنگ کے اختتام پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اسمبلی کے اسپیکر اور تمام ایم ایل اے پارٹیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ سیشن تاریخی اور ریاست کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔