
گورنر اور وزیر اعلیٰ نے صدر جمہوریہ کو گلدستہ پیش کیا
الحیات نیوز سروس
رانچی،31؍جولائی:صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جمعرات کی شام بابا نگری دیوگھر سے راجدھانی رانچی پہنچیں۔ رانچی کے برسا منڈا ہوائی اڈے پر ہندوستانی فضائیہ کے خصوصی طیارے میں اترنے کے بعد ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔سب سے پہلے گورنر جھارکھنڈ سنتوش کمار گنگوار نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا برسا منڈا ہوائی اڈے پر شال اور پھولوں کا گلدستہ دے کر استقبال کیا۔گورنر کے بعد وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کو تحفہ اور پھولوں کا گلدستہ بھی دیا۔چیف سکریٹری الکا تیواری نے برسا منڈا کی سرزمین پر ہز ایکسی لینسی کو گلاب کا گلدستہ پیش کرکے ان کا خیرمقدم کیا۔راجدھانی رانچی کے ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتری نے صدر جمہوریہ کو گلدستہ پیش کیا اور رانچی میں محترمہ دروپدی مرمو کا خیرمقدم کیا۔آخر میں، رانچی کے ایس ایس پی چندن کمار سنہا نے تینوں فوجوں کی سربراہ، دروپدی مرمو کو گارڈ آف آنر دے کر محترمہ کو گلدستہ بھی پیش کیا۔برسا منڈا ہوائی اڈے پر شاندار استقبال کے بعد دروپدی مرمو راج بھون کے لیے روانہ ہوئیں۔ جمعرات کو انہوں نے ایمس کے کنووکیشن تقریب میں شرکت کی۔جمعرات کو راج بھون میں رات گزارنے کے بعد، وہ جمعہ کو IIT-ISM دھنباد کے کنووکیشن میں شرکت کریں گی۔ اس کے بعد وہ دہلی واپس روانہ ہوجائیں گی ۔