جھارکھنڈ کی تمام 14سیٹیں جیتیں گے ـ :چمپائی سورین

جوبا مانجھی کی پرچہ نامزگی کے بعد عام جلسہ سے کلپنا سورین کا خطاب ،کہا-بی جے پی دستور ہند کو تبدیل کرنا چاہتی ہے
الحیات نیوز سروس 
  چائباسا،23؍اپریل:جس طرح گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کولہان میں بی جے پی کو اپنا کھاتہ نہیں کھولنے دیا گیا تھا، اسی طرح وہ لوک سبھا میں جھارکھنڈ میں 14 میں سے 14 سیٹیں جیتیںگے۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلی چمپائی سورین نے یہ بات کہی۔ وزیر اعلیٰ سورین منگل کو شہر کے کھٹکٹی میدان میں سنگھ بھوم لوک سبھا سیٹ کے لئے جوبا مانجھی کی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ چمپائی سورین نے کہا کہ شدید گرمی میں جس طرح بھیڑ جمع ہوئی اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہماری جیت یقینی ہے۔ ہم نے جھارکھنڈ کی ترقی کے لیے بہت کچھ کیا۔ بی جے پی قبائلی مفادات کے بارے میں کبھی نہیں سوچتی۔کلپنا سورین نے کہا کہ نہ صرف جھارکھنڈ بلکہ پورے ملک میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ ایک طرف سرمایہ داروں کی پارٹی ہے تو دوسری طرف غریبوں، دلتوں، قبائلیوں اور اقلیتوں کی پارٹی ہے۔ 2019 میں ہیمنت سورین کی قیادت میں مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دی گئی۔ تب سے بی جے پی مسلسل حکومت گرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس دوران ہیمنت سورین فلاحی اسکیمیں بناتے رہے۔ قبائلی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھا۔ سرکاری عہدوں پر تقرری کا کام بھی جاری رہا۔ بی جے پی نے سازش کی اور ہیمنت سورین کو جیل میں ڈال دیا۔ اب بھی سازشیں کر رہے ہیں۔ آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے حقوق اور استحقاق اس میں موجود ہیں۔ آج ہیمنت جیل میں ہے تو مجھےآپ کے درمیان آنا پڑا۔ میں آپ کے پاس اس کا پیغام لائی ہوں۔