ملک بھر میں آج منائی جائے گی عید

تمام تیاریاں مکمل،عیدگاہوں اور مساجد کو سجایاگیا، سکیورٹی کا سخت انتظا م 
اس بار جھارکھنڈ میں منائی جائے گی عید اور سرہول ایک ساتھ 
الحیا ت نیوز سروس 
رانچی،10؍اپریل:11؍اپریل کو ملک بھر میں عید کا تہوار منایا جانا ہے۔ اس سلسلے میں راجدھانی رانچی سمیت تمام اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ عید کے تہوار کے پیش نظر رانچی پولیس چوکس ہے۔
امن برقرار رکھنے کی اپیل
فلیگ مارچ کے دوران پولیس نے عام لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ عید کے تہوار کے حوالے سے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں، خاص طور پر سماج دشمن عناصر پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ عید کے حوالے سے شہر اور گردونواح کے مذہبی مقامات کے باہر پولیس فورس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رانچی پولیس نے ایک عارضی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔ جہاں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ کنٹرول فارم میں شکایت موصول ہوتے ہی فوری کارروائی کی جائے گی۔ چوں کہ اس بار عید اور آدیباسیوں کا تہوار سرہول دونوں ایک ہی دن یعنی 11؍اپریل جمعرات کو ہی منائی جارہی ہے۔ اس لیے انتظامیہ نے خصوصی چوکسی کا انتظام کیاہے ۔ سرہول کا تہوار بھی جھارکھنڈ میں کافی اہمیت کا حامل ہے۔ جس میں ہمارے آدیباسی بھائی بڑی تعداد میں اجتماعی طور پر فطرت کی پوجا کرتے ہیں اور اتحاد و یگانگت کے ساتھ بڑے جلوس میں شامل ہوکر فطرت اور پیڑ پودوں کی انسانی زندگی میں اہمیت کا اظہار اور نمائش کرتے ہیں۔ اس موقع پر تمام مذاہب کے لوگوں کی جانب سے ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ کسی قسم کی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولس انتظامیہ کو چوکس رہنے کے لیے کہاگیا ہے۔ بہت سارے سرکاری افسران کی چھٹیاں رد کردی گئی ہیں،اور انہیں لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی میں لگایاگیا ہے۔ چوں کہ یہ پارلیمانی انتخاب کا بھی موسم ہے، اس لیے انتظامیہ کی جانب سے ہر طرح کے احتیاطی تدابیر کئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک کے جنوبی سواحلی علاقوں نیز لداخ کے علاقے میں بدھ 10 اپریل کو ہی عید الفطر منائی گئی ہے۔ اس کی وجہ قرب و جوار سے رویت ہلال کا ہونا ہے۔ اس کے علاوہ سعوی عرب و مشرق وسطیٰ کے ممالک میں بھی عیدا الفطر 10 اپریل کو ہی منائی گئی ہے۔ چونکہ ہندوستان و بنگلہ دیش میں چاند نظر نہیں آیا اس لیے 30 روزوں کی تکمیل کا فیصلہ کیا گیا۔ کل سورج غروب ہونے کے بعد کافی دیر تک ملک کی تمام علاقوں کی رویت ہلال کمیٹیوں نے متفقہ طور پر 11 اپریل کو عیدا لفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان میں عام طور پر سعودی عرب میں عیدالفطر کے دوسرے روز عید منائی جاتی ہے، مگر کیرالہ و کشمیر کے علاقے اس سے مستثنیٰ ہیں۔
اس درمیان ملک کی سبھی ریاستوں کی مساجد و عید گاہوں میں عیدالفطر کی نماز کی ادائیگی کے لیے خاص انتظامات کیے گیے ہیں۔ اس بار عید الفطر کے موقع پر عام انتخابات کی سرگرمیاں بھی خوب دیکھنے کو ملیں گی۔ ابھی سے سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں نظر آ رہے ہیں۔ امن و امان و بھائی چارے کے اس تہوار کے موقع پر کہیں رخنہ ڈالنے کی کوشش نہ ہو، اس غرض سے ملک کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ اس انتظام کے تحت مساجد کے اطراف پولیس کے نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
ہلال عید کے نظر آنے کے ساتھ ہی ملک بھر میں ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دینے کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ رمضان المبارک کے 30 روزے پورے ہونے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو عیدا لفطر کی مبارکباد کے پیغامات بھیجے جا نے لگے ہیں، جبکہ بہت سی ویب سائٹس عیدالفطر کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے پیغامات فراہم کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے اختتام کے بعد شوال المکرم کی پہلی تاریخ کو عیدا لفطر منائی جاتی ہے۔ اسے بھائی چارے کا تہوار بھی کہا جاتا ہے جس میں ایک دوسرے کی اعانت کے علاوہ اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شریک کرنا بھی مقصود ہوتا ہے۔