جھارکھنڈ کی 4لوک سبھا سیٹوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری

لوہردگا، سنگھ بھوم، پلاموں اورکھونٹی کے لیے پرچہ نامزدگی کا عمل شروع 
الحیات نیوز سروس 
رانچی،18؍اپریل:جھارکھنڈ میں آئندہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کا عمل آج سے شروع ہو گیا۔ ریاست کی چار لوک سبھا سیٹوں کے لیے جمعرات کو نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔ اس کے ساتھ ہی پرچہ نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ جن چار نشستوں کے لیے آج سے پرچہ نامزدگی داخل ہوں گے اس میں سنگھ بھوم،کھونٹی ، لوہردگا اور پلاموں شامل ہیں۔ ان چار سیٹوں میں 13؍مئی کو چنائو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 4؍جون کو ہو گی۔ پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 25؍اپریل ہے۔ جب کہ 29؍اپریل تک نام واپس لیے جاسکیںگے۔ ان چار نشستوں کے لیے این ڈی اے، انڈیا اتحادکے علاوہ جھارکھنڈ پارٹی اور سی پی آئی نے اپنے اپنے امیدوار دیئے ہیں۔ سنگھ بھوم لوک سبھا سیٹ کے لیے جے ایم ایم امیدوار جوبا مانجھی23؍اپریل کو پرچہ داخل کریںگی ۔ وہیں بی جے پی امیدوار گیتا کوڑا 22؍اپریل کو پرچہ داخل کریںگی۔ کھونٹی لوک سبھا حلقہ کے لیے بی جے پی امیدوار ارجن منڈا 23؍اپریل کو پرچہ داخل کریںگے اور انڈیا اتحاد کے امیدوار کالی چرن منڈا بھی 23؍اپریل کو ہی پرچہ داخل کریںگے ۔ کالی چرن منڈا کانگریس پارٹی سے امیدوار ہیں۔ لوہردگا لوک سبھا سیٹ حلقہ میں بی جے پی اور کانگریس نے اپنے امیدوار اتارے ہیں، جن میں بی جے پی امیدوار سمیر اورائوں اور کانگریس امیدوار سکھدیو بھگت شامل ہیں۔ تاہم دونوں لیڈران کب پرچہ داخل کریںگے اس کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ وہیں پلاموں لوک سبھا حلقہ میں تین امیدوار ہیں۔ بی جے پی کی امیدوار بی ڈی رام 24؍اپریل کو ، راجد امیدوار ممتا بھوئیاں 24؍اپریل کو اور سی پی آئی امیدوار ابھئے منڈا 23؍اپریل کو پرچہ داخل کریںگے ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مختلف لوک سبھا سیٹوں میں پرچہ نامزدگی کے دوران امیدواروں کی حمایت میں کئی معروف لیڈران شامل ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کھونٹی لوک سبھا کے لیے بی جے پی امیدوار ارجن منڈا کی پرچہ نامزدگی کے دن وزیر دفا ع راجناتھ سنگھ موجود رہیں گے ۔ وہیں اس سیٹ کے لیے کالی چرن منڈا کی حمایت میں انڈیا اتحاد کے بھی کئی سینئرلیڈران موجود ہوںگے۔ سنگھ بھوم لوک سبھا سیٹ سے گیتا کوڑا کی پرچہ نامزدگی پر بی جے پی ریاستی صدر بابو لال مرانڈی شامل ہوں گےجب کہ جوبا مانجھی کی پرچہ نامزدگی کے وقت وزیر اعلیٰ چمپائی سورین اور کلپنا سورین کے شامل ہونے کا امکان ہے۔