جے ایم ایم کی سیتا سورین بی جے پی میں شامل

الحیات نیوز سروس 
     رانچی؍نئی دہلی، 19 مارچ :جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کی ایم ایل اے سیتا سورین اپنی پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئیں۔رانچی سے یہاں پہنچی محترمہ سورین نے بی جے پی کے مرکزی دفتر میں بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے، بی جے پی کے قومی نائب صدر اور جھارکھنڈ کے انچارج لکشمی کانت باجپئی کے ہاتھوں بی جے پی کی رکنیت قبول کی۔ اس موقع پر مسٹر تاوڑے نے کہا کہ محترمہ سورین کی آمد سے جھارکھنڈ اور آس پاس کے علاقوں میں یہ نظر آئے گا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں قبائلیوں کے فائدے کے کاموں کو زیادہ تیزی اور مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے گا اور ان کی شراکت بھی ہو گی۔مسٹرباجپئی نے کہا کہ جے ایم ایم میں رہتے ہوئے محترمہ سورین نے بدعنوانی کے خلاف لڑنے اور دہلی تک آواز بلند کرنے کا کام کیا ہے۔محترمہ سورین نے کہا کہ آج ہم جے ایم ایم کے عظیم خاندان کو چھوڑ کر یشسوی وزیر اعظم نریندر مودی کے بڑے خاندان میں شامل ہو رہے ہیں۔ نریندر مودی کی سوچ ہندوستان اور دنیا میں سب کو دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ترقیاتی کام آئے روز ہو رہے ہیں۔ تمام ٹیم، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ سبھی مل کر اس کام میں مصروف ہیں کہ ہندوستان کی ترقی کیسے کی جائے۔ ہم اسی تناظر میں انتخابات میں آئے ہیں۔ ملک بھر کے لوگ بی جے پی میں مودی خاندان پر بھروسہ کرتے ہوئے اس خاندان میں شامل ہو رہے ہیں۔جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے لیڈر شیبو سورین کی بہو محترمہ سورین نے آج اسمبلی اسپیکر رابندر ناتھ مہتو کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا، جب کہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ کا خط پارٹی سپریمو اور اپنے سسرمسٹر شیبو سورین کو بھیجا۔پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ چمپائی سورین حکومت میں وزیر نہ بنائے جانے پر سیتا سورین ناراض تھیں۔ محترمہ سورین جے ایم ایم کے مرکزی صدر شیبو سورین کے بیٹے آنجہانی درگا سورین کی اہلیہ ہیں۔ وہ جے ایم ایم کے ٹکٹ پر تین بار ایم ایل اے ہیں۔