جرائم کے واقعات کو ہر قیمت پر کنٹرول کریں

شہر میں ٹریفک کے نظام کو ہموار بنائیں،وزیر اعلیٰ کی دوٹوک ہدایت 
دھنباد کے مجرمانہ واقعات پر قدغن لگانے اور زمین خرید وفروخت کے جرائم پر سخت کارروائی کرنے کو یقینی بنانے پر زور 
وزیر اعلیٰ چمپائی سورین نے افسران کے ساتھ ریاست میں امن و امان، 
رانچی میں ٹریفک نظام، سڑک کی حفاظت اور جرائم پر قابو پانے کے سلسلے 
میں کئے جانے والے کام کی تازہ ترین صورتحال کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیا
الحیات نیوز سروس 
رانچی،13؍مارچ:وزیر اعلیٰ چمپائی سورین نے آج جھارکھنڈ وزارت میں ریاست میں امن و امان، رانچی میں ٹریفک نظام، سڑک کی حفاظت اور جرائم پر قابو پانے کے سلسلے میں کئے جارہے کام کی تازہ ترین صورتحال کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ ریاست میں جرائم کے واقعات پر ہر قیمت پر قابو پایا جائے۔ ریاست میں ہونے والے مجرمانہ واقعات کے رجحان کی فہرست بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے افسران سے کہا کہ وہ ریاست میں ماضی قریب میں پیش آنے والے مجرمانہ واقعات جیسے قتل، ڈکیتی، چھینا جھپٹی، چوری، سائبر کرائم اور دیگر مختلف معاملات کا الگ سے جائزہ لیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جرائم سے پاک جھارکھنڈ کی تعمیر ان کی حکومت کی ترجیح ہے۔ چیف منسٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ زمین کی خرید و فروخت سے متعلق مجرمانہ واقعات کی تحقیقات کریں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنائیں۔ جن مجرموں نے اراضی کی خرید و فروخت سے متعلق قتل اور دھوکہ دہی کی وارداتیں کی ہیں ان کی نشاندہی کرکے انہیں ترجیحی بنیادوں پر سزا دی جائے۔ چیف منسٹر نے افسران سے کہا کہ وہ افیون کی کاشت روکنے کے لئے لوگوں کو بیدار کریں۔ افیون کی کاشت روکنے کے لیے، گاؤں کی کمیٹیوں کو شامل کرکے جنگلوں کو بچانے کے لیے آگاہی مہم چلائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سائبر کرائم سے متعلق واقعات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سائبر کرائم پر بھی ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے۔ سائبر کرائم سے ہوشیار رہنا اور لوگوں کو اس سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ چمپائی سورین نے ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ گزشتہ چند مہینوں میں دھنباد ضلع میں منظم جرائم سمیت دیگر مجرمانہ واقعات کو انجام دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کو دھنباد ضلع میں امن و امان کی بحالی پر خصوصی نظر رکھنی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ گزشتہ چند دنوں میں دھنباد میں پیش آئے واقعات کی تحقیقات کو فوری طور پر مکمل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولیس مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ کو اس بات کو یقینی بنانے کے لئے عزم کے ساتھ کام کرنا چاہئے کہ دھنباد میں مجرمانہ واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ وزیر اعلیٰ چمپائی سورین نے افسران کو بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں میں سماج دشمن عناصر کی طرف سے ریاست کے اندر کئی مذہبی مقامات پر توڑ پھوڑ اور دیگر واقعات کو انجام دیا گیا ہے۔ ایسے واقعات میں ملوث مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجرمانہ واقعات الگ تھلگ جگہوں پر ہوتے ہیں لیکن ان واقعات کا اثر پوری ریاست پر پڑتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ایسے واقعات سے جڑے مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک واقعہ ایک جگہ ہوتا ہے لیکن اس واقعہ سے پوری ریاست کی شبیہ داغدار ہوتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران سے کہا کہ وہ اس بات کی مکمل تحقیقات کریں کہ سماج دشمن عناصر کس مقصد کے لئے مذہبی مقامات پر مجرمانہ واقعات کو انجام دے رہے ہیں۔(باقی صفحہ 8پر)