امبا پرساد کے ٹھکانوں پر ای ڈی کا دوسرے دن بھی ریڈ

بی جے پی نے کہا چترا یا ہزاریباغ سے چنائو لڑو ، منع کرنے پر ای ڈی بھیج دیا : امبا پرساد 
الحیات نیوز سروس 
ہزاریباغ،13؍مارچ: کانگریس ممبر اسمبلی امبا پرساد کے ٹھکانے پر ای ڈی کا چھاپہ دوسرے دن بھی جاری ہے۔ کل ای ڈی حکام نے ایم ایل اے امبا پرساد اور سی ای او ششی بھوشن سنگھ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا اس درمیان نقدی سمیت کئی دستاویزات برآمد ہوئے تھے۔ ای ڈی کے چھاپے کا آج دوسرا دن ہے۔ممبر اسمبلی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ٹرانسفر پوسٹنگ، اراضی گھوٹالہ، ریت کی کان کنی اور دیگر معاملات میں کارروائی کی جارہی ہے۔بدھ کو ہزاریباغ میں ان کی پرانی رہائش گاہ پر چھاپہ پڑا۔ اس چھاپہ ماری کے بعد امبا پرساد نے کہاکہ ان پر پریشر پالیٹکس کا استعمال جارہا ہے۔ بی جے پی پر انہوں نے سیدھا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی چاہتی تھی کہ میں چترا یاہزاریباغ سے چنائو لڑوں ۔ تا ہم میں نے منع کیا ، اس کے بعد انھوں نے ای ڈی کو بھیج کر دبائو بنانے کی کوشش کی ہے۔ میں گھر پر رو رہی تھی ، ای ڈی کی ٹیم سیدھے میرے بیڈ روم تک گھس آئی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح 6بجے سے ریڈ شروع ہوئی ہے اور رات 12بجے تک چلی ۔ تقریباً 17ٹھکانوں پر چھاپہ ماری ہوئی ہے۔ کئی اہم دستاویز سمیت تقریبا 20لاکھ روپئے نقد ضبط کئے جانے کی اطلاع ہے۔