راجیہ سبھا کیلئے ڈاکٹر سرفراز احمد اور ڈاکٹر پردیپ ورما نے پرچہ داخل کیا

ڈاکٹر سرفراز احمد کے ساتھ وزیر اعلیٰ اور کئی وزرا ء سمیت گٹھ بندھن کے لیڈران رہے موجود
      الحیات نیوز سروس  
       رانچی،11؍مارچ:آئندہ 21؍مارچ 2024 کو ہونے جارہے راجیہ سبھا انتخاب کو لے کر سوموار کو حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی جانب سے منتخب امیدوار نے اپنا پرچہ داخل کیا۔ مہاگٹھ بندھن کی جانب سے ڈاکٹر سرفراز احمد نے اپنا پرچہ داخل کیا۔ وہیں بی جے پی کی جانب سے ڈاکٹر پردیپ ورما نے پرچہ بھرا۔ گانڈے کے سابق ممبر اسمبلی ڈاکٹر سرفراز احمد نے اپنے حامیوں کے ساتھ پرچہ بھرا ۔ ڈاکٹر سرفراز احمد جے ایم ایم کے امیدوار ہیں۔ جسے گٹھ بندھن نے حمایت دی ہے۔ پرچہ داخل کرنے کے وقت ان کے ساتھ وزیر اعلیٰ چمپائی سورین ،راجد کے ستیہ نند بھوکتا ، عالمگیر عالم اور مالے کے ممبر اسمبلی ونود سنگھ ساتھ تھے۔ پرچہ داخل کرنے کے بعد سرفراز احمد نے کہاکہ میں چمپائی سورین ، ہیمنت سورین سمیت تمام گٹھ بندھن کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں نے جھارکھنڈ کی پہلے بھی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کروں گااور آنے والے چنائوتیوں کا ہم سب مل کر مقابلہ کریں گے ۔ وہیں وزیر اعلیٰ چمپائی سورین نے کہاکہ یہ ہمارے گٹھ بندھن کی سوچ ہے اور ہم ہمیشہ شفافیت بناکر ہی کام کرتے ہیں۔ ہمارے گٹھ بندھن کی جانب سے ڈاکٹر سرفراز احمد نے پرچہ داخل کیا ہے، انھوں نے کہاکہ ریاست میں ہمیں اچھا پیغام دینا ہے۔ ہم لوگوں نے مختلف ریاستوں میں جو ہوا وہ دیکھے ہیں، یوپی میں کیسے ہوا یہ آپ بھی دیکھے ہیں۔ لیکن جھارکھنڈ میں اس طرح کی بات نہیں ہے۔ وہیں ڈاکٹر پردیپ ورما کے پرچہ داخل کرنے کے دوران بی جے پی کے ریاستی صدر بابو لال مرانڈی ،تنظیمی سکریٹری کرم ویر سنگھ ، راجیہ سبھا ممبر دیپک پرکاش ،اپوزیشن لیڈر امر کمار بائوری ،بی جے پی کے ریاستی نائب صدر بالمکند سہائے سمیت پارٹی کے زیادہ تر لیڈرموجود تھے۔ ودھان سبھا کے سکریٹری انچارج اور راجیہ سبھا چنائو کے الیکشن افسر سید جاوید حیدر کے سامنے دو سیٹ میں پرچہ داخل کیاگیا۔ پردیپ ورما نے پرچہ داخل کرنے کے بعد کہا کہ بھارت کی سب سے بڑی پنچایت میں جھارکھنڈ کے عوام کی آواز بننے کی کوشش کروں گا ۔