جمہوریت اور آئین کو بچانے کیلئے ووٹ کریں : چمپائی سورین

 انڈیا اتحاد کی امیدوار جوبا مانجھی کے حق میں وزیر اعلیٰ نے عوامی جلسے سے خطاب کیا 
الحیات نیوز سروس 
مجھگاؤں،05؍مئی:جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے انڈیا اتحاد کی امیدوار جوبا مانجھی کو ووٹ دیں اورکثیر ووٹوں سے کامیاب بنائیںوزیر اعلی چمپائی سورین نےمذکورہ باتیں کہیں۔ وہ اتوار کو انڈیا اتحاد کے مشترکہ امیدوار جوبا مانجھی کے حق میں مجھگائوں اسمبلی حلقہ کے کمار ڈنگی بلاک کے تاڈیسائی اور پٹیسیا کے لادوسائی راکا میدان میں منعقدہ انتخابی ریلی کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کے معدنی وسائل کو لوٹنے کے لئے بی جے پی کو ووٹوں کی ضرورت ہے۔ بی جے پی ہمارا پانی، جنگل اور زمین بیچ کر اڈانی امبانی کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔ جسے کبھی پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت بننا گپتا نے کہا کہ جھارکھنڈ شہیدوں کی سرزمین ہے، اسے لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بی جے پی ہندوستانی جملہ بازی پارٹی بن چکی ہے۔ جھارکھنڈی عوام جانتی ہے کہ کس طرح سیدھی لڑائی لڑنی ہے لیکن بی جے پی پشت پناہی کا کام کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ امیدوار جوبا ماجھی کوکثیر ووٹوں سے جیت کر عظیم اتحاد کو مضبوط کرنا چاہیے۔ تاکہ دہلی میں علاقے کے مسائل کو اٹھایا جاسکے۔جلسہ عام کے دوران انڈیاالائنس کے امیدوار جوبا مانجھی نے کہا کہ مرکز کی آمرانہ بی جے پی حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو جیل بھیجنے کا کام کیا گیا ہے، لیکن جھارکھنڈی لوگوں کی عزت کے لیے ہیمنت سورین نے بی جے پی کے سامنے نہیں جھکے۔