وزیر عالمگیر عالم 6دنوں کے ریمانڈ پر

برسا منڈا سنٹرل جیل ہوٹوار بھیجے گئے ،آج سے ای ڈی پوچھ گچھ شروع کرے گی 
الحیات نیوز سروس 
رانچی، 16 مئی:ای ڈی نے آج ٹینڈر کمیشن گھوٹالے میں گرفتاردیہی ترقیات کے وزیر عالمگیر عالم کو طبی جانچ کے بعد عدالت میں پیش کیا۔ای ڈی کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر شیو کمار نے عدالت سے مسٹر عالم کو دس دن کے ریمانڈ پر لے کر پوچھ گچھ کرنے کی اجازت مانگی۔ مسٹر عالم کے وکیل نے اس کی مخالفت کی جس کے بعد عدالت نے چھ روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔قبل ازیں عدالت نے وزیر مسٹر عالم کو جمعرات کو عدالتی حراست میں ہوٹوار میں واقع برسا منڈا سنٹرل جیل بھیج دیا۔اب ای ڈی مسٹر عالم کو اپنی تحویل میں لے گی اور جمعہ سے ان سے پوچھ گچھ شروع کرے گی، سماعت کے دوران عدالت کے احاطے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ پیشی کے دوران عدالت کے احاطے میں عالمگیر عالم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے وزیر مسٹر عالم کو دو دن کی پوچھ گچھ کے بعد بدھ کو گرفتار کیا تھا۔خیال رہے  5 مئی کو ای ڈی نے ٹینڈر کمیشن گھوٹالے میں وزیر عالمگیر عالم کے پی ایس سنجیو لال اور ان کے معاون جہانگیر عالم اور دیگر کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس مدت کے دوران ای ڈی نے سنجیو لال کے نوکر جہانگیر اور بلڈر منا سنگھ کے احاطے سے کل 35.23 کروڑ روپے کی نقد رقم برآمد کی تھی۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی نے 5 مئی کی دیر رات سنجیو لال اور اس کے معاون جہانگیر عالم کو گرفتار کیا تھا۔