وزیر کے پرسنل سکریٹری کے معاون کے گھرسے30کروڑ برآمد

الحیات نیوز سروس 
     رانچی،06؍مئی:جھارکھنڈ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم نے انجینئر وریندر رام کے معاملے میںسوموار کو6مقامات پر ای ڈی نے چھاپہ مارا اور جھارکھنڈ کے دیہی ترقی کے وزیر کے پرسنل سکریٹری سنجیو لال کے معاون جہانگیر عالم کے گھر سے 30کروڑ روپے کی نقدی برآمد کی۔ساتھ ہی پرنسل سکریٹری کے قریبی ٹھیکیدار کے گھر پر بھی چھاپہ ماری میں تین کروڑ برآمد ہوئے ہیں۔ ای ڈی نے فروری 2023 میں جھارکھنڈ دیہی ترقی محکمہ کے چیف انجینئر وریندر رام کو کچھ اسکیموں کے نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔دوسری طرف، ای ڈی کی ٹیم رانچی کے سیل سٹی سمیت کل نو مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ ای ڈی کی ٹیم سیل سٹی میں روڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کے انجینئر وکاس کمار کے ٹھکانے کی تلاشی لے رہی ہے۔ ای ڈی کی دوسری ٹیم بریاتو، مورہآبادی اور بوڑیا علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔ ای ڈی ٹیم نے یہ کارروائی جیل میں بند انجینئر وریندر رام سے متعلق کیس کے سلسلے میں کی ہے۔