وزیر اعظم نے 35 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کادیا تحفہ

سندری کھاد فیکٹری کے دوبارہ کھلنے سے علاقے کی ترقی میں بڑی تبدیلی آئے گی:وزیراعلیٰ 
الحیات نیوز سروس 
 سندری، دھنباد،یکم؍مارچ:(سہیل قریشی )عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی ، معزز گورنر جناب سی پی رادھا کرشنن اور معزز وزیراعلیٰ چمپائی سورین اور دیگر معززین  کی موجودگی میں ہندستان فرٹیلائزر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ فیکٹری (HARL) جو دھنباد ضلع کے سندری میں واقع ہے ملک کو وقف کیا گیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دھنباد میں جھارکھنڈ کو 35 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں  کا تحفہ دیا۔دھنباد ضلع کے سندری ہرل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، 'میں نے عہد لیا تھا کہ سندری کے اس کھاد کارخانہ کو ضرور شروع کرائیں گے، یہ مودی کی گارنٹی تھی، آج یہ گارنٹی پوری ہو ئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ  سال 2018 میں سنگ بنیاد رکھنے آئے تھے۔ آج سندری فیکٹری کا افتتاح  ہی نہیں بلکہ ہزاروں نئے روزگار کے مواقع کی شروعات ہوئی ہے۔ اس کھاد فیکٹری کے افتتاح کے ساتھ ہی ہندوستان نے یوریا کے شعبے میں خود انحصاری کی طرف ایک قدم بڑھایا ہے۔وزیر اعظم  مودی نے کہا کہ ملک میں 360 لاکھ ایم ٹی  یوریا کی ضرورت ہے، جب  2014 میں مرکز میں این ڈی اے کی حکومت بنی تھی، تو اس وقت ملک میں صرف 225 ایم ٹی یوریا کی پیداوار ہوتی تھی، جس کی وجہ سے یوریا درآمد کرنا پڑتا تھا۔ لہٰذا سندری کی بند کھاد فیکٹری کو دوبارہ شروع کرانے اور ملک کو یوریا کے شعبے  میں ’آتم نربھر‘ (خود کفیل) بنانے کا عزم کیا گیا تھا۔ حکومت کی کوششوں سے اب 310 ایم ٹی  یوریا پیدا ہو گیا ہے۔ اس سے نہ صرف پیسوں کی بچت ہوگی  بلکہ کسانوں کی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔
بھگوان برسا منڈا کی مقدس 
سرزمین پر وزیر اعظم کا خیر مقدم 
وزیر اعلیٰ نے بھگوان برسا منڈا اور امر شہید سدو کانہو کی مقدس سرزمین پر کوئلہ نگری دھنباد میں  عزت ماب وزیر اعظم کا خیر مقدم کیا اور جوہار کہا ۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کو آگے بڑھانا ہے۔ ہمیں اس حالت کو بہتر بنانا ہے۔اس ریاست کو بدلتے وقت کے مطابق دوبارہ تعمیر کرنا ہوگا۔ مجھے وزیر اعظم سے پوری امید ہے کہ وہ جھارکھنڈ کو آگے لے جانے میں ریاست کی مکمل حمایت کریں گے۔
آج جھارکھنڈ کے لیے ایک تاریخی دن ہے
وزیر اعلی چمپائی سورین نے ہرل فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جھارکھنڈ کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ سندری کھاد فیکٹری کے دوبارہ شروع ہونے سے اس علاقے میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔  جب کسان جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں سے کاشتکاری کریں گے تو پیداوار میں اضافہ ہوگا۔  جب اناج کی پیداوار بڑھے گی تو کسانوں کو اس کا براہ راست فائدہ ہوگا۔ ان کی آمدنی بڑھے گی اور وہ بااختیار بنیں گے۔
جھارکھنڈ معدنی دولت سے مالامال ہے اور یہاں کی ایک بڑی آبادی کا انحصار بھی کھیتوں - کھلیانوں پر ہے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ کا جغرافیائی ماحول ملک کے دیگر خطوں کے مقابلے کئی لحاظ سے مختلف ہے۔ جہاں ایک طرف لوہا، کوئلہ، باکسائٹ اور یورینیم جیسی کئی معدنیات وافر مقدار میں پائی جاتی ہیں وہیں ایک بڑی آبادی کا انحصار بھی کھیتوں اور کھلیانوں پر ہے۔ ایسے میں ریاست کی صحیح ترقی کے لیے دونوں کے درمیان توازن ضروری ہے۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم قبائلیوں، مقامی لوگوں اور کسانوں اور مزدوروں کو ان کے پاؤں پر کھڑا کر کے اس ریاست کو مضبوط کر سکتے ہیں۔ ریاستی حکومت پوری عزم کے ساتھ اس سمت میں مسلسل کام کر رہی ہے۔
کسانوں کو مضبوط اور خود انحصار بنانا
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کسانوں کو خود انحصار اور بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر کھیت میں سال بھر پانی ہو، تاکہ کسان بہتر طریقے سے کاشتکاری کر سکیں۔ اس کے لیے آبپاشی کے منصوبوں پر خصوصی کام کیا جا رہا ہے۔  کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ زرعی کام کرنے کی ترغیب اور تربیت دی جا رہی ہے۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اسکیمیں چل رہی ہیں۔ ایسے میں جب کھیتوں میں پیداوار بڑھے گی تو ہم غذائی اجناس میں مزید خود کفیل ہو جائیں گے۔
روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندری کھاد فیکٹری کی بحالی سے جہاں کسانوں کو فائدہ ہوگا وہیں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ یہاں کے نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار ملے گا۔ اس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور ریاست کی معیشت مضبوط ہوگی۔اس موقع پر مرکزی وزیر ارجن منڈا، دھنباد کے ایم پی  پشوپتی ناتھ سنگھ اور جھارکھنڈ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امر کمار بائوری اور کئی سینئرافسران موجود تھے۔