خالصتانی دہشت گرد پنوں نے رانچی ٹیسٹ منسوخ کرنے کی دھمکی دی، ایف آئی آر درج

الحیات نیوز سروس 
رانچی،20؍فروری: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹیسٹ سے قبل خالصتانی دہشت گرد گروپتونت سنگھ پنو نے انگلینڈ کی ٹیم کو میچ منسوخ کرکے واپس آنے کی دھمکی دی ہے۔ اس نے جھارکھنڈ کے نکسلیوں کو اس سلسلے میں اکسایا ہے۔ پنوں نے کہا ہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان رانچی میں ہونے والے میچ کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ اس معاملے میں منگل کو رانچی کے دھروا تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔نکسلائٹس کے نام پر جاری ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ رانچی کا جے ایس سی اے اسٹیڈیم قبائلیوں کی زمین پر بنایا گیا ہے۔ قبائلی سرزمین پر میچ نہیں ہونا چاہیے۔ پنوں نے یہ ویڈیو یوٹیوب پر جاری کیا ہے۔  اس نے ماؤنوازوں سے کہا ہے کہ وہ جھارکھنڈ اور پنجاب میں ہنگامہ برپا کریں تاکہ رانچی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کو منسوخ کر دیا جائے۔پنو نے یوٹیوب کے ذریعے ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کو بھی دھمکی دی ہے۔ یہاں تک کہ انہوں نے انگلش کپتان سے بھارت کا دورہ منسوخ کرنے اور ٹیم کے ساتھ واپس آنے کو کہا۔پنوں کی دھمکی ملنے کے بعد جھارکھنڈ پولس ڈیپارٹمنٹ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ سٹیڈیم سے ہوٹل تک سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ہوائی اڈے سے ہوٹل تک ہر موڑ پر پولیس فورس تعینات ہے۔ ہوائی اڈے کو بھی حفاظتی حصار میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا 
رانچی پولس کی جانب سے جو ایف آئی آر درج کرایاگیا ہے، اس میں اسے دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کے ایف آئی آر میں اس بات کا ذکر ہے کہ تنظیم ماحول بگاڑنے کی کوشش میں مصروف کار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جو رشتہ ہے اسے سکھ فار جسٹس تنظیم ممنوعہ نکسلی تنظیم کے توسط سے بگاڑنا چاہتا ہے۔