خواتین ہر معاملے میں خود انحصار اور خود مختار ہیں : وزیر اعلیٰ 

55ہزار مہیلاسکھی منڈلوں میں 825کروڑ روپئے کی امداد اور کریڈٹ سپورٹ تقسیم 
الحیات نیوز سروس 
    رانچی،12؍فروری: وزیر اعلیٰ چمپائی سورین نے آج "سکھی منڈل خواتین کی ریاستی سطح کی نمائش اور صلاحیت سازی کیمپ- نیز -خواتین کانفرنس" پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر، وزیر اعلیٰ نے 55 ہزار مہیلا سکھی منڈلوں میں روزگار  کے لیے 825 کروڑ روپے کی امداد اور کریڈٹ سپورٹ تقسیم کی۔ وزیراعلی چمپائی سورین نے کہا کہ اس وقت خواتین دوسروں پر منحصر نہیں ہیں بلکہ وہ ہر معاملے میں خود انحصار اور خود مختار ہیں۔ اب خواتین مردوں کے برابر ہر کام کرنے کی اہل ہیں۔ ہم سب کے درمیان ہمارے ملک میں خواتین کی بے شمار متاثر کن مثالیں موجود ہیں۔ہماری خواتین بہنوں اور بیٹیوں نے سماجی اصلاحات، سیاست، معیشت، تعلیم، سائنس و تحقیق، کاروبار، کھیل اور مسلح افواج سمیت کئی شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ جھارکھنڈ کی ہماری محنتی بہنیں اور بیٹیاں ریاست کی معیشت کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ آج اس پلیٹ فارم سے میں یہاں موجود تمام خواتین سیلف ہیلپ گروپ بہنوں سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں۔ یہ حکومت ہر قدم اور ہر حال میں آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ جس طرح سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت والی حکومت آپ کے ساتھ کھڑی تھی، اسی طرح ہم بھی آپ کے ہر دکھ اور خوشی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔  میں آج آپ سب کو یقین دلانے آیا ہوں کہ آپ کی ریاستی حکومت کی طرف سے کسی بھی طرح کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ مذکورہ باتیں وزیراعلی  چمپائی سورین نے مورہابادی میدان میں منعقدہ "سکھی منڈل خواتین کے ریاستی سطح کی نمائش اور صلاحیت سازی کیمپ- نیز -خواتین مہاسمیلن" سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ 
 وزیراعلی جناب  چمپائی سورین نے کہا کہ ہمارے SHG گروپ کی بہنیں اور بیٹیاں خاندان کے ساتھ ساتھ سماج اور ریاست کو صحیح سمت دینے میں مسلسل بہتر کام کر رہی ہیں۔ آج کے مہیلا مہا سمیلن میں ریاست کے سکھی منڈل کی تقریباً 30 ہزار خواتین حصہ لے رہی ہیں۔ اسی طرح دیگر چار ڈویژنوں میں بھی ریاست کے سکھی منڈل کی تقریباً 45 ہزار بہنیں اور بیٹیاں اس پروگرام سے وابستہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا معاشرہ خواتین کے کردار کو اہمیت دیتا ہے۔ یہ کانفرنس خواتین کے احترام اور معاشرے میں مساوات کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا سنگ بنیاد ہیں اور ان کے تعاون کے بغیر ہمارا معاشرہ نامکمل ہے۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ جناب ہیمنت سورین کی قیادت میں گزشتہ 4 سالوں میں دیہی ترقی کا محکمہ سکھی منڈل کے ذریعے ریاست میں ترقی سے متعلق اسکیموں کو لگاتار نافذ کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2019 سے اب تک تقریباً 1 لاکھ 40 ہزار ایس ایچ جی گروپوں کو بینک کریڈٹ لنکیج کے ذریعے 8 ہزار 247 کروڑ روپے دستیاب کرائے گئے ہیں۔ جبکہ سال 2019 سے پہلے یہ رقم صرف 642 کروڑ روپے تھی۔ ہماری حکومت خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے ریاست میں چھوٹی اور بڑی دیہی صنعت کاری کو مسلسل فروغ دے رہی ہے۔
 33 ہزار سے زیادہ خواتین کو پھولو جھانو آشیرواد یوجنا کا فائدہ ملا
وزیراعلی  چمپائی سورین نے کہا کہ پچھلے 4 سالوں میں دیہی علاقوں میں رہنے والے مردوں اور عورتوں کے لئے کئی  اہم اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ پھولو جھانو آشیرواد یوجنا بھی ایک اہم اسکیم کے طور پر ابھری ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے شراب کے کاروبار سے وابستہ خواتین کو باعزت روزگار سے جوڑا جا رہا ہے۔ شناخت شدہ خواتین کو متبادل روزگار کے لیے 50 ہزار روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔  اب تک ریاست میں 33000 سے زیادہ خواتین اس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر باعزت زندگی کا آغاز کر چکی ہیں۔ خواتین دیہی معیشت کا محور ہیں۔ ہماری حکومت خواتین کو بااختیار بنا کر ریاست کو ترقی یافتہ ریاستوں کے زمرے میں شامل کرنے کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت دیہی خاندانوں کو روزگار کے ایک یا زیادہ ذرائع سے جوڑ کر ان کی آمدنی میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔       (باقی صفحہ 8پر)