زمین کیلئے 3افراد کا بہیمانہ قتل ،3گرفتار

ایک کی حالت تشویشناک ،سبھی کاایک ہی خاندان سے تعلق 
الحیات نیوز سروس 
گملا :گملا ضلع کے سیسئی تھانہ حلقہ میں زمین تنازعہ کے سبب تین افراد کا بہیمانہ طور پر قتل کردیاگیا ہے۔ مہلوکین اور ملزمین ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ واردات جمعہ کو 3بجے دن کے سیسئی پوٹرو گائوں کی ہے۔ تنازعہ والی جگہ کی زمین پر ایک درخت کاٹنے کو لے کر چند افراد آپس میں جھگڑ پڑے۔ یہ جھگڑا بڑھ کر پُر تشدد ہو گیا اور کلہاڑی کے حملے میں ناگیشور ساہو ،منا ساہو اور پون ساہو کی موت واقع ہو گئی۔ تینوں رشتہ میں بھائی بھتیجہ ہیں۔ تینوں سکرولی گائوں کے رہنے والے ہیں۔ جب کہ اس حملہ میں مہلوکین کا رشتہ دار وکاس ساہو کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ ابتدائی علاج کے بعد بہترعلاج کے لیے رانچی ریمس ریفر کردیاگیا ہے۔ واردات کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی او سریش پرساد یادو اور سیسئی تھانہ انچارج اپنی ٹیم کے ساتھ جائے واردات پر پہنچے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر ہسپتال گملا بھیج دیا۔ اس معاملے میں ملزمین باپ بیٹے سمیت تین افراد شیو کمار ساہو، نند کشور ساہو اور ستندر سنگھ کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ اور پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔