بجلی صارفین کو اب 125 یونٹ بجلی مفت ملے گی

 ◆ وزیراعلیٰ نے محکمہ توانائی کو بجلی کی سبسڈی میں اضافے کے حوالے سے تجویز تیار کرنے کی ہدایت دی
الحیات نیوز سروس 
    رانچی،07؍فروری : وزیراعلی  چمپائی سورین نے کہا کہ جلد ہی بجلی سبسڈی میں اضافہ کیا جائے گا۔ بجلی کے صارفین کو اب 100 یونٹ کے بجائے 125 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی اور تمام محروم ٹولوں کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ توانائی کو اس سلسلے میں ایک تجویز تیار کرنے کی ہدایت کی۔ آج وزیر اعلیٰ مختلف محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹری/ پرنسپل سکریٹری/ سکریٹری کے ساتھ مالی سال 2023-24 کے لیے محصولات کی وصولی اور اخراجات کے بارے میں جھارکھنڈ کی وزارت میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بجٹ کی دفعات اور مختلف محکموں کی اصل وصولیوں اور اخراجات کے بارے میں معلومات لیں۔ انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیموں کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
  کام کو تیز کرنے کی ہدایات
 وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ مختلف سکیموں کے کام کو تیز کیا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے مفاد عامہ سے متعلق تمام اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے کو بھی کہا۔ انہوں نے منظور شدہ سکیموں پر جلد کام شروع کرنے اور زیر التوا سکیموں کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
  مالی انتظام کو بہتر بنائیں
 چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مالیاتی انتظام کو مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام میں اب دو ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ ایسے میں تمام محکموں کو چاہیے کہ وہ اپنے بجٹ کے اخراجات کو تیز کریں تاکہ وہ مقررہ ہدف کو پورا کر سکیں۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے محکمہ وار مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کی کامیابیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ محکمہ فینانس نے چیف منسٹر کو بتایا کہ تمام محکموں کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مرکزی حکومت سے ملنے والی رقم کو مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں کے لئے خرچ کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس رقم کے خرچ ہونے کے بعد مرکزی حکومت کو اضافی فنڈ فراہم کرنے کی تجویز بھیجی جائے گی۔
 چیف منسٹر نے پروگرام ’’آپکی یوجنا – آپ کی سرکار – آپ کے دوار‘‘ کے تحت گزشتہ سال 24 نومبر سے 26 دسمبر تک لگائے گئے کیمپوں میں مختلف اسکیموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات لیں۔  ساتھ ہی  مسترد شدہ اور زیر التواء درخواستوں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔  انہوں نے کہا کہ اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کہ درخواستیں زیر التوا نہ رہیں اور جو درخواستیں مسترد کی گئی ہیں ان کی وجہ بھی بتائی جائے۔  عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ "آپکی یوجنا-آپکی سرکار-آپ کے دوار" پروگرام کے تحت 59 لاکھ 28 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 60 فیصد سے زیادہ پر عمل ہو چکا ہے۔
ابوا ہاؤسنگ اسکیم کے لیے مستقل ویٹنگ لسٹ ہونی چاہیے۔ اس اسکیم میں موجود تمام تضادات کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایات دی گئیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ اس اسکیم کے غلط استعمال اور اس  کے خلاف کارروائی کا بھی بندوبست کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے 5 سال سے پرانی تمام سڑکوں کی مرمت کرنے کی بھی ہدایات دیں۔  حکام نے بتایا کہ ریاست میں 15,000 کلومیٹر دیہی سڑکوں کی مرمت کی جانی ہے۔  جس میں 9000 کلومیٹر سڑک کی مرمت کی منظوری دی گئی ہے۔
 ● یونیورسل پنشن اسکیم کے لیے 50 سال کی عمر کی حد پوری کرنے والی خواتین کو منتخب کرنے کے لیے ایک مہم شروع کرنے کی ہدایات دی۔
  چیف سکریٹری  ایل کھیانگتے، ڈیولپمنٹ کمشنر-کم-ایڈیشنل چیف سکریٹری  اویناش کمار، ایڈیشنل چیف سکریٹری  راجیو ارون ایکا، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری  ونے کمار چوبے اور مختلف محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹریز/پرنسپل سکریٹریز/ سیکرٹریز موجود تھے۔