چمپائی سورین نے وزیر اعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا لیا حلف

عالمگیر عالم اور ستیہ نند بھوکتا نے وزیر کے طور پر لیا حلف ،وزیراعلیٰ چمپائی سورین کی حکومت 5 فروری کو اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی
الحیات نیوز سروس 
رانچی، 02 فروری : گورنر سی پی رادھا کرشنن نے آج سہ پہر جھارکھنڈ مکتی مورچہ اتحاد قانون ساز پارٹی کے لیڈر چمپئی سورین کو وزیر اعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔چمپئی سورین نے یہاں گورنر ہاؤس کے دربار ہال میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں جھارکھنڈ کے 12ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔اس کے علاوہ کانگریس کے عالمگیر عالم نے جھارکھنڈ کے وزیر کے طور پر عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ آر جے ڈی کے ستیانند بھکتا نے بھی جھارکھنڈ کے وزیر کے طور پر عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ مسٹر سورین کے علاوہ صرف دو ایم ایل اے نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔
وزیراعلیٰ چمپئی سورین کی حکومت 5 فروری کو جھارکھنڈ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔ اس دورا ن وزیراعلیٰ مسٹر سورین ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔ وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے کے بعد، وزیر اعلی سورین کی صدارت میں یہاں پروجیکٹ بھون میں ہوئی کابینہ کی پہلی میٹنگ میں تین اہم تجاویز کو منظوری دی گئی۔کابینہ سکریٹری وندنا دادیل نے یہاں یہ جانکاری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ہیمنت سورین حکومت نے 9-29 فروری کے درمیان بجٹ اجلاس طلب کیا تھا، اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اب جھارکھنڈ اسمبلی کا خصوصی اجلاس 5-6 فروری کو طلب کیاگیا ہے۔ دریں اثنا، مسٹر سورین 5 فروری کو اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔ اس کے علاوہ راجیو رنجن کو ایک بار پھر ریاست کا ایڈوکیٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ کابینہ سکریٹری وندنا دادیل نے یہاں یہ جانکاری دی۔ قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کل رات چمپئی سورین کو وزیر اعلیٰ کے طور پر نامزد کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی اور انہیں 10 دنوں کے اندر اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کو کہا ہے ۔