ملک میں نفرت اور تشدد پھیلانے والے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگوں کے خلاف کھڑے ہونا ہمارا فرض : راہل گاندھی

پاکوڑ؍رانچی، 02 فروری :راہل گاندھی کی قیادت میں جاری نیائے یاترا آج بنگال سے نکل کر ناسی پور موڑ کے راستے جھارکھنڈ میں داخل ہوئی۔جھارکھنڈ میں یاترا کا افتتاح مغربی بنگال کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے جھارکھنڈ پردیش کانگریس صدر راجیش ٹھاکر کو ناسی پور موڑ میں جھنڈا منتقل کر کے کیا۔ اس کے بعد جھارکھنڈ کے 13 اضلاع سے گزر کر 804 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے والی نیائے یاترا جھارکھنڈ میں باقاعدہ طور پر شروع ہوئی۔ ناسی پور موڑ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ایک سال پہلے ہم نے بھارت جوڑو یاترا کی تھی، اس دوران ہم جن ریاستوں میں نہیں پہنچ سکے تھے وہاں کے لوگوں سے ملنے اور ان سے بات کرنے کے لئے ہم نے بھارت جوڑو نیائے یاترا  شروع کی ہے۔ آج بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگوں کی ملک میں پھیلائی ہوئی نفرت اور تشدد کے خلاف کھڑے ہونا ہمارا فرض ہے۔ آج ملک میں کروڑوں لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے کیونکہ نریندر مودی نے نوٹوں کی منسوخی، غلط جی ایس ٹی، چھوٹے تاجروں اور صنعتوں کے خلاف فیصلے کرکے انہیں برباد کر دیا ہے، بی جے پی نے اس ملک میں روزگار ریڑھ کی ہڈی ہے جسے بی جے پی نے توڑ دیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج ملک میں سب سے زیادہ بے روزگاری کی شرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی چاہتے ہیں کہ ہندوستان کے نوجوانوں کو روزگار نہ ملے اور اس ملک کا پیسہ چند ارب پتیوں کے ہاتھ میں ہو۔ اس یاترا کے ذریعے ہم ملک کے لوگوں کے سامنے کسانوں کے ساتھ ناانصافی، نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی، قبائلیوں کے ساتھ ناانصافی، خواتین کے ساتھ ناانصافی کو رکھنا چاہتے ہیں۔مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ جہاں بھی بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ نفرت کا بازار کھولتے ہیں۔ وہاں کانگریس پارٹی اور ان کے اتحاد کے لوگ محبت کی دکان کھولتے ہیں۔ اس یاترا میں ہم کسانوں کے من کی بات، نوجوانوں کے من کی بات، خواتین کے من کی بات، قبائلیوں کے من کی باتت اور عام لوگوں کے من کی بات سننا چاہتے ہیں، ہم اپنے من کی  بات نہیں کرنا چاہتے۔ آپ کی باتوں کو سمجھ کر اسے پورے ملک کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔