جھارکھنڈ میں چمپئی سورین نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا

 گورنر نے کہا- جلد ہی وہ اس پر غور کرکے مطلع کریں گے
الحیات نیوز سروس 
رانچی، یکم فروری:جھارکھنڈ مکتی مورچہ اتحاد کے لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر چمپئی سورین نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا، جس پر گورنر نے کہا کہ وہ جلد ہی اس پر غور کر کے مطلع کریں گے۔ جمعرات کو گورنر سی پی رادھا کرشنن سے وقت ملنے کے بعد چمپئی سورین چار دیگر ایم ایل ایز کے ساتھ آج راج بھون پہنچے۔ گورنر سے ملاقات کی اور حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ موقع پر راج بھون سے باہر آتے ہوئے مسٹر سورین نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گورنر نے کہا کہ وہ جلد ہی اس پر غور کر کے مطلع کریں گے۔ ہمارا اتحاد بہت مضبوط ہے۔ کوئی ہمارا کچھ نہیں کر سکے گا۔ ہمیں کافی ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔ ہم نے 43 ایم ایل ایز کی حمایت گورنر کو سونپ دی ہے۔ جمعہ تک یہ تعداد بڑھ کر 47 ہو جائے گی۔ اس دوران ایم ایل اے پردیپ یادو نے بتایا کہ گورنر نے کہا کہ ہم قانونی ماہرین سے رائے لے رہے ہیں اور جلد ہی کال کریںگے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ہم نے گورنر سے فوری طور پر حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت سازی کی دعوت جمعہ کو ہی مل جائے گی۔ مسٹر سورین کے مطالبے پر گورنر نے کہا کہ مجھے رات تک کا وقت دیں۔ میں نے قانونی ماہرین کی رائے مانگی ہے۔ جلد ہی کوئی فیصلہ ہوگا تو میں آپ کو طلب کر لوں گا۔ اس سے قبل پانچ لوگ پچھلے گیٹ سے دو کاروں میں راج بھون کے اندر گئے۔ مسٹر سورین کی قیادت میں ایم ایل اے عالمگیر عالم، ستیانند بھوکتا، ونود سنگھ اور پردیپ یادو راج بھون گئے تھے۔