ہیمنت سورین ایک دن کی عدالتی تحویل میں جیل بھیجے گئے

الحیات نیوز سروس 
رانچی،یکم؍فروری : سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو آج یہاں ای ڈی کے خصوصی جج دنیش رائے نے ایک دن کے لیے عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا ہے۔ مسٹر سورین کی ریمانڈ پر فیصلہ 2 فروری کو سنایا جائے گا۔ جھارکھنڈ کے ایڈوکیٹ جنرل راجیو رنجن نے پی ایم ایل اے عدالت میں مسٹر سورین کا موقف پیش کیا اور کہا کہ یہ پریڈیکیٹ آفینس نہیں ہے۔ ای ڈی کے وکیل نے کہا کہ آئی پی سی کی دفعہ 120 بی کے تحت کارروائی ہو رہی ہے، اس لیے انہیں تحویل میں لینا لازمی ہے۔ یہ کارروائی جرائم کے شیڈول میں آتی ہے۔ دونوں فریقوں کو سننے کے بعد عدالت نے مسٹر سورین کو ایک دن کے لیے عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دیا اور کہا کہ ریمانڈ پر فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ اس سے پہلے آج مسٹر سورین کو سخت سیکورٹی کے درمیان خصوصی ای ڈی عدالت میں پیش کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر سورین کو ای ڈی کی ٹیم نے 31 جنوری کی رات کو زمین گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کیا تھا۔