عظیم اتحاد کے 38ممبران اسمبلی چارٹیڈ پلین سے حیدر آباد روانہ

چمپئی سورین اور عالمگیر عالم سمیت 5ممبران اسمبلی رانچی میں حالات کو قابو کرنے کے لیے رُکے 
الحیات نیوز سروس 
رانچی ، یکم؍فروری : جھارکھنڈ میں مہاگٹھ بندھن کو اب اپنے ممبران اسمبلی کے ٹوٹنے کا خوف ستانے لگا ہے۔ رانچی سرکٹ ہائوس سے سخت سکیورٹی میں 43ممبران اسمبلی کو بس سے رانچی ایئر پورٹ لایاگیا۔ تاہم ان میں 38ممبران اسمبلی دو چارٹیڈ پلین سے تلنگانہ کی راجدھانی روانہ ہونے کی خبر ہے۔ حیدرآباد میں ممبران اسمبلی کو لے جانے کے لیے بسیں پہنچ گئیں ہیں ،تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہے، اس لیے ممبران اسمبلی وہاں محفوظ رہیں گے ۔ یہ فیصلہ تب لیاگیا جب ممبران اسمبلی کے ساتھ چمپئی سورین گورنر سی پی رادھا کرشنن سے مل کر سرکٹ ہائوس لوٹے ۔ چمپئی سورین نے کہا کہ ہم نے کل نئی حکومت کی تشکیل کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ ہم نے ان سے جلد ی کرنے کی گزارش کی ہے۔ انہوں نے بھی کہا ہے کہ وہ جلد ہی کریں گے ۔ کہاجارہا ہے کہ چمپئی سورین سمیت 5ممبران اسمبلی رانچی میں ہی قیام کریں گے جو حالات پر نظر رکھیں گے اور گورنر کے طلب کرنے پر حاضر ہو ںگے ۔ بی جے پی نے بھی کل یعنی 2فروری کو اپنے ممبران اسمبلی کی نشست طلب کی ہے۔