وزیر اعلیٰ نے ریاست کے پرائمری اسکولوں میں اردو معاون اساتذہ کی 7232 آسامیوںکی منظوری دی

 الحیات نیوز سروس 
رانچی،22؍جنوری: وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ریاست کے پرائمری اسکولوں میں اردو کے لیے معاون اساتذہ کی 7232 آسامیاں تخلیق کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ ان میں پرائمری اسکولوں (کلاس 1 سے 5) کے لیے 5478 اور اپر پرائمری (کلاس 6 سے 8) اسکولوں کے لیے 1754 آسامیاں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پوری ریاست کے پرائمری اسکولوں میں اردو کے معاون اساتذہ کے لیے 4401 آسامیاں منظور ہیں۔ ان میں اردو اساتذہ کے 689 اسامیاں مقرر کی گئی تھیں، جب کہ 3712 اسامیاں خالی ہیں۔ ایسے میں ریاست کے پرائمری اسکولوں میں اردو کے  معاون اساتذہ  کے منظور شدہ عہدوں کا تبادلہ کرتے ہوئے مذکورہ آسامیوں کے خلاف  معاون اساتذہ کا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے اور پے اسکیل میں تبدیلی کی گئی ہے۔
 جھارکھنڈ ایجوکیشن پروجیکٹ کونسل، رانچی کی رپورٹ کی بنیاد پر، ریاست کے تمام اضلاع کے پرائمری اور اپر پرائمری اسکولوں میں اردو پڑھنے والے طلباء کی ترتیب کے مطابق  معاون اساتذہ کی کل 7981 آسامیاں تخلیق کی جانی ہیں۔ پرائمری اسکولوں میں  معاون  اساتذہ  کی 6167 اور مڈل سکولوں میں معاون اساتذہ کی 1754 آسامیاں ہیں۔ لیکن، پرائمری اسکولوں میں 689 انٹر ٹرینڈ اردو معاون اساتذہ  کام کر رہے ہیں۔ اس لیے پرائمری اسکولوں میں معاون اساتذہ کی 5478 اور ریاست کے مڈل اسکولوں میں 1754 (کل 7232 آسامیاں) تخلیق کی گئی ہیں۔
  _ معاون اساتذہ  کی 50 ہزار آسامیوں کی  تخلیق _
 ریاست کے پرائمری اور مڈل اسکولوں میں معاون اساتذہ کے عہدوں کو تبدیل کرتے ہوئے معاون  اساتذہ کے 50 ہزار اسامیاں منظور کی گئی ہیں۔ معاون اساتذہ  کا پے سکیل انٹرمیڈیٹ ٹرینڈ کے لیے ساتویں مرکزی نظرثانی شدہ پے سکیل کے لیول-4 اور گریجویٹ ٹرینڈ کے لیے لیول-5 پر طے کیا گیا ہے۔مذکورہ بالاتناظر میں اردو اساتذہ کی خالی آسامیوں کو بھی اسی طرح  تبدیل کر دیا گیا ہے۔