وزیر اعلیٰ سے ای ڈی نے ساڑھے سات گھنٹے تک کی پوچھ گچھ

وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنے حامیوں اور کارکنان سے کہا -ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں 
الحیات نیوز سروس 
رانچی ،20؍جنوری:جھارکھنڈ اراضی گھوٹالہ معاملے میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم نے آج ساڑھے سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ سی ایم سے پوچھ گچھ کے بعد ای ڈی کے اہلکار تین گاڑیوں میں سی ایم کی رہائش گاہ سے باہر آئے۔ تفتیشی ایجنسی کے افسران وزیراعلیٰ ہیمنت سورین سے پوچھ تاچھ کے لئے آج دوپہر ایک بجے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ میں داخل ہوئے تھے۔ پوچھ گچھ کے بعد رات ساڑھے آٹھ بجے رہائش گاہ سے نکل گئے۔ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے بعد وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنے حامیوں اور کارکنان سے کہا کہ ہم آپ لوگوں کا بہت ممنون ہوں اور آپ کے جذبات اور غصے کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ہم نے جھارکھنڈ لڑ کر لیا ہے اور اس کے لیے جھارکھنڈ کے رہنے والے لوگوں نے بڑی سخت جدو جہد کی ہے۔ آگے بھی جو ہوگا اسے دیکھ لیا جائے گا ۔ ہم ہر طرح کے امتحان کے لیے تیار ہیں لیکن ہم جھارکھنڈ کو ان بدعنوان لوگوں کے حوالے نہیں ہونے دیں گے ۔ اس ریاست کا وجود بہت مشکل سے ہوا ہے ، ہم لگاتار ترقی کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اپوزیشن لگاتار اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے ، جسے ہر گز برداشت نہیں کیاجائے گا۔ واضح ہو کہ ای ڈی نے کانکے روڈ واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر تقریباً! ساڑھے سات گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی ۔ ای ڈی کی ٹیم تین گاڑیوں میں سوار ہوکر سی ایم ہائوس پہنچی اور دن کے 12بجے سے سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جو تقریباً ساڑھے سات گھنٹے تک چلا۔ ای ڈی کی ٹیم رات ساڑھے آٹھ بجے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے باہر نکلی۔ اس درمیان سی ایم ہائوس پر سکیورٹی کا بڑا سخت انتظام تھا۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ کے حامیوں کا ایک جم غفیر بھی وہاں جمع ہوگیا تھا۔ سوال و جواب سے فارغ ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ نے اپنے حامیوں سے خطاب کیا اور وہ مطمئن نظر آریے تھے۔ اس بات کی امید جتائی جارہی ہے کہ ای ڈی دوبارہ بھی پوچھ تاچھ کر سکتی ہے۔ لیکن ابھی قطعی طور پر کچھ کہا نہیں جاسکتا۔