ای ڈی کے خلاف آدیباسیوں کا احتجاج

وزیر اعلیٰ کے خلاف کارروائی سے ناراض ،گورنر ہائوس تک مارچ
الحیات نیوز سروس 
رانچی، 19 جنوری :مرکزی سرنا کمیٹی کی قیادت میں مختلف قبائلی تنظیموں سے وابستہ لوگوں نے جمعہ کو مورہابادی میدان سے راج بھون تک احتجاجی مارچ نکالا۔ ای ڈی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو سمن بھیجنے کے خلاف مختلف قبائلی تنظیموں کے لوگ متحد ہو کر احتجاج کر رہے ہیں۔ سبھی نے سرنا کے جھنڈے اور ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ پلے کارڈز میں لکھا تھا کہ قبائلی وزیر اعلیٰ کو ہراساں کرنا بند کرو، مرکزی حکومت ہوش میں آؤ۔ احتجاجی جلوس میں قبائلی تنظیموں کے لوگ بھی روایتی باجوں کے ساتھ شریک ہوئے۔  اس موقع پر مرکزی سرنا کمیٹی کے صدر اجے ترکی نے آج کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، تم آگے بڑھو، ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے قبائلی وزیر اعلیٰ کو ہراساں کیا جا رہا ہے، اگر مرکز کی بی جے پی حکومت کا رویہ یہی رہا تو آنے والے دنوں میں احتجاج میں مزید شدت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی والے بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کا راستہ کیوں بھول جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے ای ڈی کی پوچھ گچھ پر قبائلی سماج نظر رکھے ہوئے ہے، اگر ای ڈی نے وزیر اعلیٰ کو نیچا دکھانے کی کوشش کی تو جس طرح بنگال میں ای ڈی پر پتھراو کیا گیا، یہاں بھی کمان اور تیر کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو ہاتھ بھی لگایا گیا توجھارکھنڈ میں آگ لگا دیں گے۔