مکر سنکرانتی کے بازار میں خوفناک آتشزدگی

 درجن بھر گاڑیوں سمیت 40 لاکھ روپے کے سامان خاک
الحیات نیوز سروس 
چکولیا،13؍جنوری: مکر سنکرانتی کے پیش نظر سجے ایک بازار میں خوفناک آتشزدگی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مغربی سنگھ بھوم ضلع کے چاکولیا واقع کیروکوچا میں اسپیشل ہاٹل لگایا گیا تھا جہاں پٹاخہ بیچنے والے دکاندار بڑی تعداد میں پہنچے تھے۔ انہیں پٹاخوں میں آگ لگ گئی جو پورے علاقہ میں پھیل گئی اور اس نے خوفناک شکل اختیار کر لی۔ اس آتشزدگی واقعہ میں تقریباً 40 لاکھ روپے کا اثاثہ جل کر خاک ہو گیا۔دراصل چکولیا واقع کیروکوچا میں ہر منگل کو بازار لگتا ہے اور مکر سنکرانتی کے موقع پر خصوصی بازار بڑے سطح پر سجایا جاتا ہے۔ اس سال بھی یہ بازار لگا جس میں پٹاخے کی تقریباً 50 دکانیں لگائی گئی تھیں۔ کسی ایک دکان میں اچانک آگ لگ گئی جو دھیرے دھیرے دیگر دکانوں تک پھیل گئی اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آگ لگنے کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس آتشزدگی واقعہ میں 13 موٹر سائیکل اور ایک چھوٹا ہاتھی (چار پہیہ گاڑی) نذرِ آتش ہو گئے۔ لوگوں نے حادثہ کے بعد کچھ ایسی گاڑیوں میں بھی آگ لگنے کے نشانات دیکھے جن میں لوگ سوار ہو کر بھاگ رہے تھے۔ اس آتشزدگی واقعہ کی خبر ملنے پر چاکولیا سی او اوپندر کمار، شیام سندر پور پولیس اور فائر بریگیڈ دستہ موقع پر پہنچے۔ بازار میں لگی آگ خوفناک تھی جس پر کافی مشقتوں کے بعد قابو پایا گیا۔چکولیا سی او نے اس حادثہ کے تعلق سے کہا کہ ’’میں نے پولیس سے کہا تھا کہ پٹاخہ فروخت کرنے والے بھی بازار میں پہنچے ہیں جن کی جانچ کر لی جائے۔‘‘ تھانہ انچارج دلیپ بلونگ کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ پٹاخہ فروخت کرنے کے لیے کسی طرح کی کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ اس لیے جانچ کے بعد قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔