جھارکھنڈ میں ای ڈی -سی بی آئی سمن پر راست حاضر نہیں ہوں گے افسران ،ہیمنت کابینہ کا بڑا فیصلہ

رانچی میں بنے گا تاج ہوٹل ،عظیم پریم جی اسکول ،میڈیکل کالج اور ہسپتال کے لیے 150ایکڑ زمین الاٹ 
دانش ایاز
    رانچی ، 09؍جنوری(الحیات نیوز سروس ) جھارکھنڈ میں ای ڈی اور سی بی آئی کے سمن پر افسران راست طور پر حاضر نہیں ہو ںگے ۔ اس کے لیے ریاستی حکومت سے اجازت لینی ہو گی۔ یہ فیصلہ منگل کو ہیمنت سورین کابینہ کی نشست میں لیاگیا ہے۔ واضح ہو کہ جھارکھنڈ سے قبل یہ التزام مغربی بنگال میں نافذ ہے۔ مذکورہ فیصلے کے مطابق اب ریاستی عملوں کو اگر کوئی جانچ ایجنسی سمن بھیجتی ہے تو انہیں اپنے محکمہ کے سربراہ کو اس کی اطلاع دینی ہوگی۔ محکمہ کے سربراہ یہ جانکاری کابینہ سکریٹریٹ اور محکمہ نگرانی کو دے گی۔ اس کے بعد کابینہ سکریٹریٹ اور محکمہ نگرانی آگے کی کارروائی کے لیے قانونی صلاح لیںگے۔پھر اس قانونی صلاح کی بنیاد پر طلب کی گئی اطلاع جانچ ایجنسی کو دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کابینہ کی نشست میں 34تجاویز پرحکومت نے مہر لگائی ہے۔ جس میں گریڈیہہ ضلع کے بوڑو واقع ایئرپورٹ کے رنوے کی توسیع کی جائے گی۔ وہیں جوائنٹ اور ایڈیشنل سکریٹری رینک کے افسران کو لیپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ این سی سی کیڈر کو کیمپ میں ملنے والے کھانے کے بھتہ کو اضافہ کیاگیا ہے۔ جمشید پور واقع رگھو ناتھ مرمو یونیورسٹی میں بحالی کے لیے عہدے منظور کیے گئے ہیں۔ اہم تجویز میں یہ فیصلہ لیاگیا ہے کہ راجدھانی میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے رانچی میں تاج ہوٹل بنانے کی تجویز کو منظور ی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے لیے کور کیپٹل ایریا ، سی آر پی ایف کیمپ کے پاس 6ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عظیم پریم جی سکول کے لیے اٹکی میں فائونڈیشن کو 75فیصد رعایتی شرح پر 99سال کے لیے 4ایکڑ زمین لیز پر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی عظیم پریم جی میڈیکل کالج اور ہسپتال کے لیے 146ایکڑ زمین دی گئی ہے۔ ایک دیگر اہم فیصلے میں ریاست میں سائبر کرائم پر کنٹرول کے لیے سائبر اسپیشل تھانے بنائے جائیںگے۔ یہ ضلع راجدھانی رانچی سمیت لاتیہار، ہزاریباغ ،دمکا، بوکارو، رام گڑھ ، چائباسہ اور سرائے قلعہ کھرساواں شامل ہیں۔