بلدیاتی انتخابات سے متعلق ہائی کورٹ کا بڑا حکم

تین ہفتوں میں نوٹیفکیشن جاری کریں
الحیات نیوز سروس 
رانچی،04؍جنوری :جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ریاست میں زیر التواء بلدیاتی انتخابات کے بارے میں حکم دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ تین ہفتوں میں انتخابات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ عدالت نے یہ حکم سابق کونسلرز روشنی کھلکھو اور ارون جھا کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے دیا ہے۔ ریاست کے 34 بلدیاتی اداروں میں انتخابات زیر التوا ہیں۔ ان میں سے 14 میں مئی 2020 سے انتخابات زیر التواء ہیں۔عدالت میں ونود سنگھ ایڈوکیٹ نے بحث کی ۔ واضح ہو کہ بلدیاتی انتخابات کرانے کو لے کر کونسلر روشنی کھلکھو بنام حکومت جھارکھنڈ معاملے میں ہائی کورٹ میں داخل کی گئی رٹ پٹیشن پر جسٹس آنند سین کی عدالت نے سماعت کی۔ اس معاملے میں حکومت کی جانب سے جواب داخل کیاگیا۔ جواب میں حکومت کے ذریعہ وکاس کشن رائو گولی بنام مہاراشٹر حکومت کی رٹ پٹیشن نمبر 980/2019میں سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ اس مقدمے میں سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ ٹریپل ٹسٹ کراکر ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں ۔ اس جواب پر عرضی گزار کے وکیل ونود سنگھ نے حکومت کے جواب پر جواب داخل کیا انہوں نے کہاکہ یہ حکومت 74ویں اور دیگر التزامات کی خلاف ورزی تو کرہی رہی ہے ساتھ ہی حکومت اب نامکمل جواب کے ساتھ عدالت کو بھی اندھیرے میں رکھ کر گمراہ کررہی ہے۔