نیا سا ل کا پُر جوش استقبال

ہوٹل ، ریستراں میں رات جواں ،رقص ، موسیقی میں ڈوبے نوجوان ، آج پکنک اسپاٹوں پر رہے گی بھیڑ، سکیوریٹی کا رہے گا سخت انتظام 
الحیات نیوز سروس 
رانچی ،31؍دسمبر:سال 2023 کو الوداع کرنے اور نئے سال 2024 کا جشن منانے کے لیے لوگوں کا ہجوم رانچی کے پکنک مقامات پر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ اتوار کی شب نئے سال کو منانے کے لیے تمام ہوٹلوں، ریستورانوں اور بڑے پارکوں میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سوموارکو ہزاروں لوگ شہر کے پارکوں، ڈیموں،آبشاروں اور دیگر مذہبی مقامات پر جمع ہوں گے۔ ڈی سی راہول سنہا کی ہدایات پر شہر کے اندر 24 پکنک مقامات پر مجسٹریٹ سمیت 500 سے زیادہ پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔
خواتین کے تحفظ کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں اور غوطہ خوروں کو ان آبشاروں پر تعینات کیا گیا ہے جہاں ڈوبنے کی شکایتیں آتی رہتی ہیں۔ لوگوں سے خطرناک مقامات پر سیلفی نہ لینے اور ڈوبنے والی جگہوں پر نہ نہانے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔ اس کے لیے ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر راہول سنہا کی ہدایت پر کئی مقامات پر فیزر بریگیڈ کے ساتھ علاج کے انتظامات کئے گئے ہیں۔دوسری طرف 31دسمبر کی شب ہوٹلوں ، بار اور ریستراں میں جشن کا سماں تھا۔ نوجوان جوڑے مستی میں ڈوبے ہوئے تھے ۔ جیسے ہی 12بجے گھڑی کا کانٹا پہنچا جگہ جگہ آتش بازی کی گئی ،نوجوان لڑکے بائیکوں میں مستی کرتے نظر آئے ۔ بہت سے لوگ پکنک اسپاٹوں کے لیے آج ہی روانہ ہوگئے ہیں۔