ہماری حکومت نے نیترہاٹ فیلڈ فائرنگ رینج نوٹیفکیشن منسوخ کیا

لاتیہارمیں 500 کروڑ روپے کی لاگت سے 550 کلومیٹر دیہی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے: وزیر اعلیٰ 
الحیات نیوز سروس 
لاتیہار ،27؍دسمبر:جھارکھنڈ حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی "آپکی یوجنا-آپکی سرکار-آپ کے دوار" مہم کو پورا ملک دیکھ رہا ہے۔ ملک کی دیگر ریاستیں اس مہم پر عمل پیرا ہیں اور عوام کی دہلیز تک پہنچ رہی ہیں۔ میں نے پہلے کہا تھا کہ جب یہاں قبائلی مقامی حکومت بنے گی تو یہ حکومت گائوں کے لوگوں کے ساتھ چلے گی۔ یہی وجہ ہے کہ آج گاؤں کے اہلکار کیمپ لگا کر لوگوں کے مسائل سن رہے ہیں اور ان کا حل بھی نکال رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے یہ باتیں لاتیہار ضلع کے بلاک کندری گاؤں میں منعقد پروگرام "آپکی یوجنا-آپکی سرکار-آپ کے دوار" میں خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب ہر سال آپ کی دہلیز پر کیمپ لگا کر آپ کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ منظم کیمپ کے ذریعے عوام کے مسائل اور پریشانیاں براہ راست مجھ تک پہنچتی ہیں۔ حکومت نے ہر منصوبہ بنانے کا کام کیا ہے تاکہ ریاست کو مضبوط کیا جا سکے اور یہاں کے دیہات میں رہنے والے لوگوں کو بااختیار بنایا جا سکے۔ ہماری حکومت اسکیم کا فائدہ ہر طبقے کو دے رہی ہے، کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا ہے۔ ایک لمبی لکیر کھینچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری ریاست میں اراضی کے حوالے سے بے ضابطگیاں ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس کا حل نکال لیا جائے گا۔ آپ کی حکومت نے نیترہاٹ کے لوگوں کی زمین واپس کر دی ہے جو برسوں سے جدوجہد کر رہے تھے۔ نیترہاٹ فیلڈ فائرنگ رینج کا نوٹیفکیشن بھی منسوخ کر دیا گیا۔ ریاست کے کئی کسانوں کی زمینیں واپس کر دی گئی ہیں۔ زمینی غلطیوں کو درست کرنا ضروری ہے۔ یقین رکھیں کہ آنے والے وقت میں یہ حل ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاتیہارمیں کام کرنے والی کان کنی کمپنیاں مقامی نوجوانوں کو کان کنی کے کام میں استعمال ہونے والی بھاری گاڑیوں اور مشینوں کو چلانے کی تربیت دیں گی۔ اس کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مائننگ کمپنیوں کے ذریعے تربیتی مراکز شروع کیے جائیں۔ تاکہ یہاں کے مقامی نوجوانوں کو روزگار مل سکے۔ ریاستی حکومت نے ریاست میں کام کرنے والی صنعتوں میں مقامی لوگوں کے روزگار کے لیے 75 فیصد ریزرویشن سے متعلق ایک قانون بھی بنایا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت خود روزگار کے لیے مدد کر رہی ہے۔ چیف منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن سکیم کے تحت مختلف قسم کے چھوٹے کاروباروں کے لیے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ذریعے نوجوان اپنی پسند کا کاروبار کر سکتے ہیں۔ ہزاروں نوجوان اس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر خود روزگار کی طرف بڑھ چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لڑکیوں کو ساوتری بائی پھولے کشوری سمردھی یوجنا سے جوڑا جا رہا ہے۔ بچوں کو ڈاکٹر، انجینئر اور افسر بننے کے لیے، انہیں مسابقتی امتحانات کی تیاری سے لے کر مختلف کورسز کے لیے گروجی اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کا فائدہ دیا جائے گا۔ اس کے تحت انہیں 15 لاکھ روپے تک کا تعلیمی قرض دیا جائے گا۔ اس کے لیے انہیں کوئی گارنٹی نہیں دینا پڑے گی۔ حکومت اس کی ضامن بنے گی۔ جھارکھنڈ کے 50 بچے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے لیے حکومت انہیں 100% اسکالرشپ دے رہی ہے۔اس موقع پر وزیرستیانند بھوکتا، وزیر بادل پترلیک، منیکا کے ممبر اسمبلی رام چندر سنگھ، ممبر اسمبلی لاتیہار بیجناتھ رام، چیف منسٹر کے سکریٹری ونے کمار چوبے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، پلاموڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاتیہار، سپرنٹنڈنٹ پولیس لاتیہار، ضلعی افسران، اسکول کے طلباء اور ہزاروں مستحقین جو کیمپ میں آئے تھے موجود تھے۔