جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے لیز کیس میں ہیمنت سورین کو بڑی راحت

الحیات نیوز سروس 
رانچی، 27 دسمبر :جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی طرف سے خود اور اپنے رشتہ داروں کو کان کنی کی پٹہ کی الاٹمنٹ سے متعلق دائر آر ٹی آئی کارکن اور ہائی کورٹ کے وکیل سنیل کمار مہتو کی طرف سے مفاد عامہ کی عرضی پر جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے بدھ کو ورچولی اپنا فیصلہ سنایا۔ اس سے قبل عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ نے درخواست گزار سنیل مہتو کی پی آئی ایل کو خارج کر دیا ہے۔ اس سے قبل سماعت کے دوران ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سنجے کمار مشرا کی سربراہی والی ڈویژن بنچ نے سماعت کے دوران  ایڈوکیٹ جنرل راجیو رنجن اور ایڈوکیٹ پیوش چتریش  کو بتایا تھا کہ سپریم کورٹ نے سی ایم ہیمنت سورین کی کان کنی کی لیز سے متعلق شیو شنکر شرما کی دو مفادعامہ کی عرضیاں خارج کر دی ہیں۔ درخواست گزار نے اس معاملے میں جو الزام لگایا ہے، وہی پریئر اور الزام شیو شنکر شرما کے معاملے میں بھی تھا۔درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو قبل از سماعت میں بتایا گیا کہ سی ایم ہیمنت سورین نے محکمہ کانکنی کے وزیر کے عہدے پر رہتے ہوئے اپنے آئینی عہدے کا غلط استعمال کیا ہے اور خود کے لئے انگڑا میں کان کنی کی لیز الاٹ کرلی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی بیوی کلپنا سورین اور بہنوئی سرلامرمو کے فارم کو بھی کان کنی لیز الاٹ کی ہے۔