
الحیات نیوز سروس
رانچی، 28 اگست: جھارکھنڈ اسمبلی کے مانسون اجلاس کے آخری دن جمعرات کے روزلنچ کے وقفے کے بعد ایوان نے شیبو سورین کو بھارت رتن دینے کی تجویز کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ محصولاتِ آراضی کے وزیر دیپک بروا نے یہ تجویز ایوان میں پیش کی۔ ایوان نے اسے صوتی ووٹ سے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر بابولال مرانڈی نے کہا کہ ہم اس تجویز کی حمایت کرتے ہیں لیکن جے پال سنگھ منڈا اور ونود بہاری مہتو نے بھی جھارکھنڈ کو الگ ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مرکزی حکومت کو تجویز بھیجتے وقت ان دونوں شخصیات کے نام بھی اس میں شامل کیے جائیں۔ اس پر ریاست کے پارلیمانی امور کے وزیر رادھا کرشن کشور نے کہا کہ قبائلی برادری کے کسی بھی فرد کواب تک بھارت رتن نہیں ملا ہے، دِشوم گرو شیبو سورین کو بھارت رتن ملے اس لیے یہ تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی جا رہی ہے ۔