
★ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کوئلہ مرکزی وزیر مملکت ستیش چندر دوبے کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی
الحیات نیوز سروس
رانچی،26؍اگست:وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے چیمبر میں کوئلہ مرکزی وزیر مملکت جناب ستیش چندر دوبے کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ ملاقات میں کوئلے کی کان کنی کی سرگرمیوں، ماحولیاتی توازن، مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور علاقائی ترقی سے متعلق مختلف امور پر بامعنی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جھارکھنڈ کے مفادات، کان کنی کے علاقوں میں مقامی لوگوں کی شرکت، روزگار پیدا کرنے، ماحولیاتی توازن اور ریاستی حکومت کو حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق مسائل کو نمایاں طور پر پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ کان کنی کا کام مکمل ہونے کے بعد حکومت ہند کو زمین ریاستی حکومت کو واپس کر دینی چاہیے، تاکہ وہ زمین اصل رئیتوں کو واپس کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ کان کنی سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی بحالی، روزگار، ماحولیاتی توازن اور انفراسٹرکچر کی ترقی کو ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر کوئلہ مرکزی وزیر مملکت نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر مثبت رویہ ظاہر کیا اور کہا کہ ریاست اور مرکز مل کر اس کا حل تلاش کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جھارکھنڈ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اس میٹنگ میں چیف سکریٹری محترمہ الکا تیواری، مائنز سکریٹری مسٹر اروا راجکمل، مائنز ڈائرکٹر مسٹر راہول سنہا، سی ایم پی ڈی آئی کے سی ایم ڈی مسٹر منوج کمار، بی سی سی ایل کے سی ایم ڈی مسٹر سمیرن دتہ، سی سی ایل کے سی ایم ڈی مسٹر نیلندو کمار سنگھ اور بی سی سی ایل کے ڈی ٹی مسٹر ایم کے اگروال موجود تھے۔