کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بحالی اور پروموشن اب حکومت کے فیصلے پر منحصر

الحیات نیوز سروس 
رانچی،26؍اگست:جھارکھنڈ اسمبلی نے منگل کو جھارکھنڈ اسٹیٹ یونیورسٹی بل 2025 منظور کیا، جس میںریاست کے اعلیٰ تعلیمی نظام میں اہم تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ اس بل کے تحت اب ریاست کے وزیر اعلیٰ کو یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر (وی سی)، پرو وی سی، رجسٹرار، امتحانات کے کنٹرولر اور مالیاتی مشیر جیسے اہم عہدوں پر تقرری کا حق حاصل ہوگا۔بل کے مطابق یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عہدوں پر بحالی اور ترقی کا فیصلہ اب براہ راست ریاستی حکومت کے کنٹرول میں ہوگا۔ اس کے ساتھ تعلیمی اداروں میں تقرریوں اور ترقیوں کے عمل میں شفافیت اور احتساب کو بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سینیٹ کی صدارت پرو وی سی یا وزیر اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کریں گے اور سینیٹ کا اجلاس سال میں دو بار ہوگا۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے یونیورسٹیوں کے انتظامی کام کاج میں بہتری آئے گی اور تعلیم کے معیار کو فروغ ملے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بل سے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں حکومتی نگرانی بڑھے گی اور طلبہ اور ملازمین کے مفاد میں فیصلہ سازی کا عمل آسان اور تیز ہوگا۔