سی بی آئی نے انل امبانی کے مراکز پر چھاپہ مارا

نئی دہلی، 23 اگست (یو این آئی) سی بی آئی نے 2929.05 کروڑ روپے کے بینک قرض فراڈ کیس میں انل امبانی کے ممبئی میں موجود دو مقامات پر ہفتہ کو چھاپہ مارا۔سی بی آئی نے یہ کارروائی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شکایت کی بنیاد پر کی ہے، جس نے 13 جون کو ایجنسی سے رابطہ کیا تھا جب ان اداروں کو دھوکہ دہی کے تعلق سے درجہ بندی کیے جانے کے بعد ایجنسی سے رابطہ کیاتھا۔ یہ کارروائی آربی آئی کے دھوکہ دہی کے خطرے سے متعلق بندوبست ماسٹر ہدایات اور بینک کے بورڈ کی طرف سے منظور کردہ فراڈ کی درجہ بندی، رپورٹنگ اور انتظامی پالیسی کے مطابق کی گئی تھی۔کارروائی کے لیے سی بی آئی نے جمعہ کو ممبئی کی ایک خصوصی عدالت سے وارنٹ حاصل کیا تھا۔سی بی آئی کے ایک افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ سی بی آئی نے 21 اگست کو بھارتیہ اسٹیٹ بینک ممبئی سے موصول شکایت کی بنیاد پر میسرز ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ (آر کوم) ممبئی اور اس کے ڈائریکٹر انل امبانی سمیت نامعلوم سرکاری افسران اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف بینک کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے اور 2929.05 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ انل امبانی اور دیگر نے مبینہ طور پر میسرز ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ کے لیے ایس بی آئی سے منظور شدہ قرض کی سہولیات حاصل کی اور بعد میں مبینہ طور پر قرضوں کا غلط استعمال کیا۔ غور طلب ہے کہ ان کارروائیوں کے ذریعے ملزمان پر مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی، اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی کے جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام ہے۔