نئی ابھرتی ہوئی خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ہندوستان: وزیر اعظم

نئی دہلی، 23 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان خلائی ٹیکنالوجی کےشعبے میں سیمی کرایوجینک راکٹ انجن اور برقی محرکہ (الیکٹرک پرپلشن) جیسی نئی ابھرتی ٹیکنالوجیوں کے شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ملک اپنے سائنسدانوں کی کوششوں سے جلد ہی گگن یان کی اُڑان شروع بھرے گا۔ مسٹر مودی نے قومی خلائی دن کے موقع پر ملک کے سائنسدانوں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان خلائی میدان میں مسلسل نئے سنگ میل طے کر رہا ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت اور عوامی سہولت کے میدان میں بھی ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’آج ہندوستان سیمی کریوجینک انجن اور الیکٹرک پرپلشن جیسی نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ جلد ہی، آپ سبھی سائنسدانوں کی محنت سے، ہندوستان گگن یان کی اُڑان بھی بھرے گا... اور آنے والے وقت میں، ہندوستان اپنا خلائی اسٹیشن بھی بنائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ خلا کا  قومی  دن، ہندوستان کے نوجوانوں میں جوش و جذبے اور کشش کا موقع بن گیا ہے، جو کہ ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ مسٹر مودی نے کہا، ’’میں خلائی شعبے سےوابستہ  تمام لوگوں، سائنسدانوں اور نوجوانوں کو خلا کے قومی  دن کی مبارکباد دیتا ہوں۔ آج خلائی ٹیکنالوجی ہندوستان میں حکومتی امور کا بھی حصہ بن رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ فصل بیمہ یوجنا میں سیٹلائٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ماہی گیروں کو سیٹلائٹ سے معلومات اور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ خواہ قدرتی آفات کا بندوبست ہو یا پردھان منتری گتی شکتی پروگرام میں جغرافیائی معلومات کا استعمال ہو... آج خلائی شعبے میں ہندوستان کی ترقی عام شہریوں کی زندگی کو آسان بنا رہی ہے۔