شیبوسورین کے انتقال پرصدر جمہوریہ اوروزیر اعظم کا اظہار تعزیت

نئی دہلی، 04 اگست (یو این آئی) جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شیبو سورین کے انتقال پر صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، وزیراعظم نریندر مودی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی، کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ  اور کئی  سینئر رہنماؤں اور معزز شخصیات نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے سوشل میڈیا کے ایکس پلیٹ فارم پر لکھا کہ جناب سورین کا انتقال سماجی انصاف کے شعبے میں  بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے قبائلی شناخت اور جھارکھنڈ ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔ قبائلی برادری کی فلاح و بہبود کے تئیں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعظم  نریندر مودی نے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے لکھا کہ جناب سورین زمین سے جڑے ایک لیڈر تھے۔ وہ عوام کے لیے پوری طرح سے وقف تھے، خاص طور پر قبائلیوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے انہوں نے خود کو وقف کر رکھاتھا۔ مسٹر مودی نے اسپتال پہنچ کر جناب سورین کوگلہائے عقیدت نذر کیے اور سوگوار اہل خانہ کو تسلی دی۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے رہنما ملیکارجن کھڑگے نے ’ایکس‘ پرایک پوسٹ میں کہا، ’’مسٹر شیبو سورین جی کے انتقال سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی جھارکھنڈ ریاست کے لیے جدوجہد اور قبائلیوں کے حقوق، جنگلات، زمین اورقبائلیوں کی ثقافت کے تحفظ کے لیے وقف کر دی۔‘‘انہوں نے کہا،’’ میں نےاُن کے بیٹے اور جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین سے بات کی اور ان کے کنبے اور مداحوں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ایشور انہیں اس دکھ کی گھڑی میں حوصلہ دے۔ مسٹر کھڑگے نے پیر کے روز گنگا رام اسپتال جا کر ان کے جنازے پر گلہائے عقیدت نذر کیے۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سورین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی معاشرے کی بہتری کے لیے کیے گئے کام کے لیے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔مسٹر برلا نے گنگا رام اسپتال پہنچ کر شیبو سورین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
 اُنہوں نے ایکس پر کہا، ’’سر گنگا رام اسپتال پہنچ کر مسٹر شیبو سورین کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔ سورین خانوادے سے مل کر دکھ کی اس مشکل گھڑی میں تعزیت کا اظہار کیا۔‘‘سماجوادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو نے کہا، ’’جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ، قبائلی اور محروم طبقے کی بلند آواز، ’دیشوم گرو‘ شیبو سورین جی کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ ایشور اُن کی آتما کو شانتی دے۔ سوگوار کنبے کے تئیں دلی ہمدردیاں۔ دلی تعزیت۔‘‘