
نئی دہلی، 29 جولائی (یو این آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آپریشن سندور نے دہشت گردوں اور انہیں پناہ دینے والے ان کے آقاؤں کو یہ سمجھا دیا ہے کہ اگر مستقبل میں کوئی دہشت گردانہ حملہ کیا گیا تو انہیں اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی اور جوہری بلیک میلنگ اب نہیں چلے گی۔مسٹر مودی نے منگل کو لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران کہا کہ آپریشن سندور کے بعد دہشت گرد اور ان کے آقا ؤں کی نیند غائب ہوچکی ہے اور وہ اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ اگر دوبارہ کوئی حملہ کیا گیا تو ہندوستان انہیں ان کے گناہوں کی سخت سزا دے گا۔ آپریشن سندورنے واضح کر دیا ہے کہ دہشت گردوں کے آقاؤں کو ہندوستان میں کسی بھی حملے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے خبردار کیا ’’دہشت گردوں کے آقاؤں کو سمجھ لینا چاہیے کہ اگر اب ہندوستان میں کوئی دہشت گردانہ حملہ ہوا تو ہندوستان اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے طریقے سے، اپنے انداز میں جواب دے گا اور اب کسی بھی قسم کی ’نیوکلیئر بلیک میلنگ‘ کام نہیں آئے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے خلاف پہلے سے طے شدہ اہداف کو نشانہ بنانے پر ہندوستانی فوج کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہو گی۔