
نئی دہلی، 4 اگست (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین (81) کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور قبائلی سماج کے مفادات کے تحفظ میں ان کے تعاون کو یاد کیا۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ’’ شیبو سورین جی کے انتقال سے مجھے کافی رنج ہوا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی علیحدہ جھارکھنڈ ریاست کے لیے جدوجہد اور پانی، جنگل اور زمین سے متعلق لوگوں کے حقوق اور قبائلی ثقافت کے تحفظ کے لیے قف کر دی تھی۔‘‘مسٹر کھڑگے نے کہا ’’میں نے ان کے بیٹے اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے بات کی اور ان کے خاندان اور حامیوں کے تئیں اپنی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ایشور انہیں غم کی اس گھڑی میں ہمت دے۔‘‘ اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر گاندھی نے کہا ’’قبائلی برادری کی ایک مضبوط آواز سورین جی نے اپنی زندگی ان کے حقوق کے لیے لڑتے ہوئے گزاری۔ جھارکھنڈ کے لئے ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میں ہیمنت سورین جی، پورے سورین کے خاندان اور گروجی کے تمام حامیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘مسٹر شیبو سورین طویل عرصے سے بیمار تھے اور آج دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں انتقال کر گئے۔