180 مسافروں کی جان بال بال بچی

پٹنہ سے رانچی آنے والاطیارہ پرندہ سے ٹکرایا
الحیات نیوز سروس 
رانچی،02؍جون:پٹنہ سے رانچی آنے والی انڈیگو فلائٹ سے سوموارکو پرندہ سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد 180 مسافروں کی جان خطرے میں پڑ گئی۔ ہوائی جہاز (6E6902) نے رانچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ حکام نے یہ جانکاری دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ تمام 180 مسافر محفوظ ہیں۔ کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔ گدھ کے جہاز سے ٹکرانے کے بعد طیارے نے 35 منٹ تک پانچ بار برسا منڈا ایئرپورٹ کا چکر لگایا۔ اس کے بعد پائلٹ نے رانچی ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔انڈیگو حکام نے بتایا کہ انڈیگو طیارہ تقریباً 4000 فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ اس دوران ایک گدھ طیارے سے ٹکرا گیا۔ جس کی وجہ سے طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔ جس وقت گدھ طیارے سے ٹکرا ، طیارہ رانچی سے تقریباً 10 سے 12 سمندری میل دور تھا۔ طیارہ 3000 سے 4000 فٹ کی بلندی پر تھا۔حکام نے بتایا کہ انڈیگو کا یہ طیارہ پٹنہ سے رانچی آرہا تھا۔ طیارے سے گدھ کے ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی اور طیارہ رانچی کے برسا منڈا ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا۔برسا منڈا ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر آر آر موریہ نے کہا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں۔ گدھ کے ٹکرانے کے بعد طیارے کو کچھ نقصان پہنچا ہے۔ انجینئر اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر 1:14 بجے پیش آیا۔ ایک اور اہلکار نے بتایا کہ پٹنہ سے رانچی آنے والایہ طیارہ کولکتہ جانے والاتھا۔انڈیگو کی یہ پرواز پٹنہ سے تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے ہوئی۔ طیارے میں 180 مسافر، عملے کے 4 ارکان اور 2 پائلٹ سوار تھے۔ جب جہاز برسا منڈا ہوائی اڈے کے رن وے پر اتر رہا تھا تو اچانک جہاز میں بیٹھے مسافروں کو ایک زوردار تھرتھراہٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ جہاز کو رن وے پر ہی روک دیا گیا۔ اعلان کیا گیا کہ تمام مسافر اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھے رہیں۔ آگ بجھانے والی گاڑیاں اور سی آئی ایس ایف کے جوانوں کی بڑی تعداد طیارے کے ارد گرد کھڑی تھی۔ تحقیقات کے بعد طیارے کو ٹرمینل بلڈنگ کے قریب لے جایا گیا۔