
الحیات نیوز سروس
رانچی، 4 جون: راجدھانی رانچی کے سرماٹولی ریمپ کے خلاف آج قبائلی تنظیموں کے جھارکھنڈ بند کا ریاست میں ملا جلا اثر رہا۔اس بند کی کال آدیواسی بچاؤ مورچہ اور کیندریہ سرنا استھل سرماٹولی بچاؤ مورچہ نے دی ہے۔بند کا اثر دارالحکومت رانچی میں بھی نظر آرہا ہے۔ لمبی دوری کی بسیں نہیں چل رہی ہیں۔ سڑکوں پر لوگوں کی نقل و حرکت عام دنوں کی نسبت کاف کم ہے۔ زیادہ تر دکانیں بند ہیں۔ اس کا اثر گُملا میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ قبائلی تنظیموں کے لوگ سڑکوں پر نکل کر بند کو کامیاب بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس دوران تنظیم کے لوگوں نے شہر سے تقریباً 10 کلومیٹر دور ٹوٹو میں گملا اور لوہردگا روڈ کو جام کر دیا ہے۔بند سے پہلے کل شام رانچی میں مشعل جلوس بھی نکالا گیا۔ بند کی کال سرماٹولی سرنا استھل کے قریب ریمپ کو ہٹانے کے مطالبے کے لیے دی گئی ہے۔ جھارکھنڈ ڈیمو کریٹک ریوولیوشنری فرنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر دیویندر ناتھ مہتو نے آدیواسی بچاؤ مورچہ کی طرف سے بلائے گئے جھارکھنڈ بند کی حمایت کی ہے۔ ریاست کے دیگر حصوں سے بند کے ملے جلے اثرات کی اطلاع ملی ہے۔ اس دوران کہیں سے بھی اب تک کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔