جھارکھنڈ نے مالیاتی کمیشن سے تین لاکھ کروڑ کی مانگی مالی مدد

الحیات نیوز سروس 
    رانچی،30؍مئی:ریاستی حکومت نے جھارکھنڈ کو ایک خوشحال ریاست بنانے کے لیے 16ویں مالیاتی کمیشن کو کئی سفارشات کی ہیں۔ رانچی میں کمیشن کے چیئرمین اروند پنگڑھیا کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جھارکھنڈ کے وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور نے ریاست کے معاشی اور سماجی منظر نامے کی روشنی میں ریاست کے 23 محکموں کے ذریعے آئندہ 5 سالوں کے لیے مختلف شعبوں کے لیے 3,03,527.44 کروڑ روپے کی مالی امداد مانگی ہے۔واضح ہوکہ جھارکھنڈ حکومت نے مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے 15ویں مالیاتی کمیشن کو تقریباً 1.5 لاکھ کروڑ روپے کی تجویز دی تھی، جس کے مقابلے میں ریاست جھارکھنڈ کو دیہی سڑکوں، پلوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، شہری ترقی اور صحت کے شعبوں میں صرف 12398 کروڑ روپے ہی دستیاب ہوئے ہیں۔ حکومت نے بقایا رقم کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ جولائی 2017 سے جولائی 2022 تک جو جی ایس ٹی معاوضہ 5 سال کے لیے مل رہا تھا، وہ جولائی 2022 کے بعد رک گیا ہے۔ اس کی وجہ سے جھارکھنڈ کو تقریباً 61670 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے مالیاتی کمیشن کی ٹیم سے اضافی گرانٹ کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ مذکورہ نقصانات کو دور کیا جاسکے۔