
کوبرا جوان زخمی، دھماکہ خیز مواد برآمد
الحیات نیوز سروس
چائباسا (مغربی سنگھ بھوم)،30؍مئی: مغربی سنگھ بھوم ضلع کے منوہر پور بلاک کے جلائی کیلا تھانہ علاقے کے تریلپوشی گاؤں کے جنگل اور پہاڑی علاقے میں سیکورٹی فورسز کی نکسلیوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ اس تصادم میں دونوں طرف سے کئی راؤنڈ گولیاں چلائی گئیں۔ مقابلے کے دوران کوبرا 209 بٹالین کا ایک سپاہی زخمی ہوا۔ زخمی فوجی کا نام سنیل کمار ہے۔ ابتدائی علاج کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے رانچی بھیجنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بارودی مواد سمیت متعدد اشیاء برآمد کرلی ہیں۔ضلع پولس اور سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں نکسلیوں کے ذریعہ لوٹے گئے چار ٹن دھماکہ خیز مواد کی تلاش میں سارنڈامیں ایک آپریشن کیا تھا۔ واضح ہو کہ جمعہ کی دوپہر تقریباً 12 بجے، سیکورٹی فورسز کا نکسلیوں کے ساتھ انکاؤنٹر ہوا۔ مقابلے کے دوران فائرنگ سے کوبرا بٹالین کا ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔ زخمی فوجی سنیل کمار کی حالت مستحکم ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دھماکہ خیز مواد، یونیفارم اور روزمرہ استعمال کی اشیاء برآمد کر لیں۔انکاؤنٹر میں ضلع پولیس، کوبرا بٹالین 203 اور 209، جھارکھنڈ جیگوار، سی آر پی ایف بٹالین 26، 60، 134، 193، 197 کے اہلکار شامل تھے۔