پلاش گروپ کی خواتین پھولوں اور دیگر قدرتی چیزوں سے بناتی ہیں ہربل گلال

 • ڈپٹی کمشنر نینسی سہائے نے خواتین کے گروپ کی کوششوں کی تعریف کی
الحیات نیوز سروس 
ہزاریباغ،06؍مارچ:ہزاری باغ ضلع کے دارو بلاک کے تحت پیٹو گاؤں کی خواتین اس گروپ میں شامل ہو کر قدرتی رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے ہربل گلال بنا رہی ہیں۔ اس ہربل گلال کی تیاری میں قدرتی پھلوں اور پھولوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مثال کے طور پر ہربل گلال پالک، پالش کے پھول، میریگولڈ کے پھول، گلاب کے پھول، چقندر، چمیلی کا تیل،  اراروٹ ، صندل اور ملتانی مٹی کا استعمال کرکے تیار کیا جاتا ہے۔ یہ گلال مکمل طور پر آرگینک اور کیمیکل سے پاک ہے جس سے جسم کی جلد اور آنکھوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا، اس کے علاوہ اس میں استعمال ہونے والی بیوٹی پراڈکٹس جیسے چمیلی کا تیل، صندل، ملتانی مٹی وغیرہ جلد کے لیے فائدہ مند ہیں۔  یہ عبیر JSLPS کے پلا ش مارٹ میں خواتین کے گروپ کی طرف سے ہربل گلال کی شکل میں تیار کردہ دستیاب ہے۔
اس طرح  تیار کیا جاتا ہے گلال
جھارکھنڈ اسٹیٹ لائیولی ہڈ پروموشن سوسائٹی کی ضلعی پروگرام منیجر شانتی مارڈی  نے بتایا کہ گروپ کی خواتین پہلے مختلف قسم کے پھولوں، پتوں اور پھلوں کو گرم پانی میں ابال کر مکسچر میں پیس کر مرکب تیار کرتی ہیں۔  پھر اسے اراروٹ کے آٹے میں ملا کر اچھی طرح گوندھ لیتی ہیں اور پھر پھیلا کر خشک کر لیتی ہیں۔ اس کے بعد اسے اچھی طرح پیس لیتی ہیں۔  اس کے بعد اس میں چندن، نائسل  پاؤڈر اور تھوڑا سا قدرتی عطر ملا کر ہربل گلال تیار کیا جا تا  ہے۔ گلال کی تیاری کے بعد اسے پرکشش پیکٹوں میں پیک کیا جاتا ہے اور JSLPS کے مختلف مقامات پر قائم کردہ  پلاش مارٹ میں فروخت کے لیے بھیجا جاتا ہے۔
ہربل گلال کے 150 گرام وزنی پیکٹ کی قیمت 90 روپے مقرر کی گئی ہے۔  ان پرچیز سنٹرز پر لاٹوں میں خریداری کے آرڈر بھی لیے جاتے ہیں۔
دیہی خواتین کو تربیت اور روزگار مل رہا ہے
گرامین سیوا کیندر دارو کی صدر راکھی دیوی کا کہنا ہے کہ قدرتی مصنوعات کے علاوہ تلسی اور لیمن گراس کا تیل بھی جڑی بوٹیوں کے رنگوں کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔  ہماری طرف سے پلاش برانڈ کے تحت تیار کردہ عبیر گلال پچھلے چار سالوں سے مارکیٹ میں دستیاب ہے جسے لوگ بے حد پسند کر رہے ہیں۔  میلے کے علاوہ سال کے باقی مہینوں میں کئی قسم کی پراڈکٹس کو پروسیس کرکے مارکیٹ میں دستیاب کرایا جاتا ہے۔  جس کی وجہ سے خواتین کو روزی کمانے کے لیے روزگار کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام بھی مل رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نینسی سہائے نے خواتین کے گروپ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہربل گلال مکمل طور پر پھلوں، پھولوں وغیرہ اور کیمیکل سے پاک قدرتی اشیاء سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس قدرتی گلال کی مانگ ریاستی سطح سے بھی آنے لگی ہے، اس سال اس پراڈکٹ کو مصروف خواتین بڑے پیمانے پر تیار کر رہی ہیں۔ اس کے ذریعے بہت سی خواتین کو روزگار کے ساتھ معاشی خوشحالی بھی ملنے لگی ہے۔