زہر اگلنے والے لیڈر یاد رکھیں کہ غداری کی اصل جڑ آپ کی سوچ ہے:ڈاکٹر عرفان انصاری

الحیات نیوز سروس 
رانچی، 12 مئی: وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ بی جے پی ایم ایل اے سی پی سنگھ جیسے لیڈروں کی زہریلی زبان ہی اس ملک میں نفرت کی اصل جڑ ہے۔ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ آج آپ سوشل میڈیا پر ایک بچے کی کی گئی غلطی کو آئی ایس آئی ایس سے جوڑ رہے ہیں، یہ صرف گھٹیا سیاست ہے، اور آپ کے ذہنی دیوالیہ پن کا ثبوت بھی ہے۔ اگر آپ کے پاس ثبوت ہیں تو قانون کے حوالے کریں، لیکن آپ کو ایک مخصوص مذہب، مولویوں اور مدارس کو بدنام کرنے کا ٹھیکہ کس نے دیا ہے؟ زہر اگلنے والے لیڈر یاد رکھیں کہ غداری کی اصل جڑ آپ کی سوچ ہے۔آپ کی یہ نفرت انگیز سوچ نہ حب الوطنی ہے اور نہ ہی قومی سلامتی کی فکر ہے بلکہ یہ معاشرے کو تقسیم کرنے کی خطرناک سازش ہے۔ آپ بار بار مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہیں، کیا یہی آپ کی قوم پرستی ہے؟ ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ میں آپ کو کھلا چیلنج کرتا ہوں کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو ملک کے سامنے ایک بھی ثبوت پیش کریں کہ وہ نوجوان کسی دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ہے۔ ورنہ خاموشی سے اپنی سیاسی ریٹائرمنٹ کی تیاری کریں۔ آپ سوچیں کہ اس معصوم بچے کی ماں پر کیا گزر رہی ہوگی؟ ایک ماں کی بے بسی، اس کا روتا ہوا چہرہ اور اس کی بددعا آپ کو ضرور لگے گی۔ ملک کو سب سے بڑا خطرہ آپ جیسے نفرت کے سوداگروں سے ہے۔ قانون پر یقین رکھیے، نفرت پھیلانا بند کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بار بار مشورہ دے رہا ہوں کہ آپ سدھرجائیے۔ یہ آپ کے مفاد میں ہوگا۔ زہر اگلنابند کیجئے۔