
کئی پارٹی رہنماگروجی کی عیادت کرنے اسپتال پہنچے، نیک خواہشات کاکیااظہار
الحیات نیوز سرو س
نئی دہلی؍رانچی،27؍جون:وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے جگن ناتھ پور رتھ یاترا کے بارے میں سوشل میڈیا پر کہا کہ آج مہا پربھو بھگوان جگن ناتھ کی رتھ یاترا کا تاریخی تہوار ہے۔ وہ ہر سال وہاں موجود ہوتا تھا۔ دیشوم گرو شیبو سورین فی الحال بیمار ہیں۔ دہلی میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ اسی لیے وہ اس بار رتھ یاترا میں حصہ نہیں لے سکے۔ انہوں نے بھگوان جگن ناتھ سے پرارتھنا کی ہے کہ گروجی جلد صحت یاب ہو جائیں اور ہمارے درمیان آئیں اور ہمیشہ کی طرح ہماری رہبری کریں۔رانچی کے جگن ناتھ پور سمیت جھارکھنڈ کے مختلف اضلاع میں رتھ یاترا بڑے جوش و خروش کے ساتھ نکالی گئی۔ جئے جگناتھ کے نعرے گونجتے رہے۔
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور جے ایم ایم کے راجیہ سبھا رکن شیبو سورین کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ وہ فالج کے دورے میں مبتلا ہیں۔ وہ نئی دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وہ گزشتہ پانچ دنوں سے اسپتال میں داخل ہیں۔ وہ آئی سی یو میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، کلپنا سورین، بسنت سورین سمیت کئی وزراء دہلی میں ہیں۔
جھارکھنڈ کے مختلف حصوں میں شیبو سورین کے حامی ان کی حفاظت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔راجدھانی رانچی میں کئی مقامات پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ جے ایم ایم کے حامیوں نے بھگوان جگناتھ مندر میں پرارتھنا کی ۔ ریاستی حکومت کے کئی وزراء دہلی میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور جمعہ کو شیبو سورین سے ملنے دہلی پہنچے۔ شہری ترقیات کے وزیر سدیو کمارسونو، وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری، وزیر صنعت سنجے پرساد یادو، کانگریس کے ورکنگ صدر بندھو ترکی گروجی کی خیریت دریافت کرنے دہلی پہنچ گئے ہیں۔
کانگریس کے ریاستی انچارج کے راجو اور ریاستی صدر کیشو مہتو کملیش سنتھل پرگنا میں پروگرام چھوڑ کر دہلی روانہ ہوگئے۔ سورین کا پورا خاندان دہلی میں گروجی کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ خود وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، بہو کلپنا سورین، چھوٹا بیٹا بسنت سورین گزشتہ کئی دنوں سے دہلی میں ہیں۔ جے ایم ایم لیڈر سپریو بھٹاچاریہ اور ونود پانڈے سمیت کئی لیڈر بھی دہلی میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے سابق وزرائے اعلیٰ بابولال مرانڈی، ارجن منڈا اور رگھوور داس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کیا ہے اور گروجی کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔ رگھوور داس نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے بھی فون پر بات کی۔