
موک ڈرل میں حملے سے بچنے ، ریسکیو اور ابتدائی طبی امداد کی مشقیں
الحیات نیوز سروس
رانچی،07؍مئی:رانچی سمیت ملک کے 244شہروں میں بلیک آئوٹ کیاگیا۔ ملک کی 25 ریاستوں اور مرکز کے ماتحت ریاستوں کے 244 سول ڈیفنس اضلاع میں بلیک آئوٹ ایکسرسائز کیے گئے ۔ اس سے قبل 244 اضلاع میں جنگ کے دوران حفاظتی اقدامات اور طریقۂ کار کو لے کر اقدامات کے سلسلے میں موک ڈرل ہوئے ۔ اس میں عوام ، ملازمین اور طلبا کو ایمرجنسی صورت حال میں تحفظ اور لوگوں کو بچانے کے طریقے سمجھائے گئے ۔ سول ڈیفنس اضلاع کو ان کے حساس ہونے کی بنیاد پر تین زمرے میں تقسیم کیاگیا۔ زمرہ ۔ایک سب سے زیادہ حسا س اور زمرہ تین کم حساس ہے ۔ وزارت داخلہ نے گزشتہ 5؍مئی کو موک ڈرل کرانے کے حوالے سے احکام جاری کیے تھے۔ وہیں رانچی میں موک ڈرل کے دوران دیکھاگیا کہ سائرن بجنے لگا ہے۔ فورس، فائر انجن اور دیگر ہنگامی خدمات کا سامان موقع پر موجود ہے۔ اس موک ڈرل میں این ڈی آر ایف، مقامی پولیس، محکمہ صحت اور دیگر ایجنسیاں بھی حصہ لیے۔ زخمیوں کو نکالنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے مختلف مقامات پر مشقیں کی گئیں۔ واضح ہو کہ یہ موک ڈرل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر سول سیکورٹی کے پیش نظر کی گئی ۔ڈی سی نے کہا کہ ہم ضلع کے لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ گھبرائیں نہیں اور شریک اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ یہ ایک پہلے سے منصوبہ بند اور کنٹرول شدہ مشق ہے جس کا مقصد عوامی بیداری اور بین ایجنسی ڈیزاسٹر ردعمل کو مضبوط کرنا ہے۔